تازہ ترین

نوازشریف کی نااہلی ہمارا مقصد نہیں بلکہ ہمارا ٹارگٹ کرپٹ مافیا ہے اور ہم انکا پیچھا نہیں چھوڑینگے بلکہ ان سے عوام کو چھٹکارا دلائیں گے۔ سراج الحق

دروش(نمائندہ آواز)جماعت اسلامی کے امیر سنیٹر سراج الحق نے دروش میں ایک بڑے شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے جماعت اسلامی نے کرپشن کے خلاف جہاد کا آغاز کردیا ہے اوراسے ہرحال میں منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ نوازشریف کی نااہلی ہمارا مقصد نہیں بلکہ ہمارا ٹارگٹ کرپٹ مافیا ہے اور ہم انکا پیچھا نہیں چھوڑینگے بلکہ ان سے عوام کو چھٹکارا دلائیں گے۔ سراج الحق نے کہا کہ یہ ملک اسلام کے نام حاصل کیا گیا تھا مگر ایک سازش کے تحت یہاں پر سامراجی نظام لاگو کیا گیا ھس نے پچھلے ستر سالوں سے غریب عوام کا خون چوسا ہے۔ انہوں نے کہا جماعت اسلامی نے ملک کے اندر کرپٹ عناصر کی فہرستیں تیار کی ہے جسکے مطابق کم از کم چھ ہزار بڑے لوگ وسیع پیمانے پرکرپشن میں ملوث ہیں اور اگر ان افراد کو ہتھکڑیاں پہنائی گئیں تو ملک سے کرپشن کا خاتمہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا نصب العین ہے کہ خدا کی زمین پر خدا کا نظام رائج ہو اور اسکے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔ جماعت اسلامی کے امیر نے موجودہ حالات میں ملک کے اندر مذہبی سیاسی جماعتوں کے اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ طاغوتی قوتیں ایک ہو سکتی ہیں تو مذہبی سیاسی جماعتیں متحد کیوں نہیں ہو سکتے؟؟ انہوں نے کہا کہ مذہبی سیاسی جماعتوں کے اتحاد کیلئے وہ تمام جماعتوں کی قیادت کے پاس گئے ہوئے ہیں اور انسے درخواست کی ہے کہ حالات کا ادراک کرتے ہوئے اتحاد کو یقینی بنائیں اور آخر دم تک میری یہ کوشش جاری رہے گی۔ سراج الحق نے کہا کہ اسوقت قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں چترال کی نمائندگی نہ ہونے کے برابر ہے اسلئے علاقے کے مسائل حل نہیں ہو رہے ہیں۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ آنیوالے الیکشن میں وہ جماعت اسلامی کے نامزد امیدواروں کو ووٹ دیکر کامیاب کریں کیونکہ انمیں عوامی نمائندگی کی صلاحیتیں موجود ہیں ۔ انہوں نے وزیر خارجہ خواجہ آصف کی طرف سے افغان جہاد اور حافظ سعید کے حوالے سے دئیے گئے بیانات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وزیر خارجہ کا یہ بیان امریکی بولی ہے جو ظاہر کرتا ہے کہ ہمارے حکمران امریکی غلامی میں تمام حدود پار کر چکے ہیں۔ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا کہ اسوقت ملک میں تین سو سے زیادہ سیاسی جماعتیں رجسٹرڈ ہیں مگرا ن میں سے جماعت اسلامی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ واحد جماعت ہے کہ اسکے ذمہ داران اور کارکنان کسی بھی قسم کے کرپشن اور بد عنوانی سے پاک ہیں۔ شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مشتاق احمد نے کہا کہ جماعت اسلامی ہی اس ملک کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے کیونکہ اسکی قیادت کرپشن سے پاک ہے، انہوں نے کہاکہ ملک پر ایک مافیا مسلط ہے جوکہ نام بدل بدل کر حکومت کرتی ہے ۔ انہوں نے عوامی مسائل کے حوالے سے کہا کہ نااہل قیادت کی وجہ سے عوام کے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے امت مسلمہ کے مسائل میں اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے برما کے مسلمانوں پر مظالم کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پاکستان میں برما کے سفارتخانے کو بند کرکے سفیر کو ملک بدر کیا جائے۔ مشتاق احمد خان نے اعلان کیا کہ نوجوان جماعت اسلامی کاہر اول دستہ ہیں اور اگلے الیکشن میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے نشستوں کیلئے 50فیصد ٹکٹ نوجوانوں کو جاری کئے جائینگے۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی نے ایم ایم اے کے دور میں لواری ٹنل کے سلسلے میں عوامی جدوجہد میں سراج الحق کے کردار کی تعریف کی۔ انہوںے نے کہا کہ ایم ایم اے کے دور میں بحیثیت سنیئر صوبائی وزیر سراج الحق نے چترال کے لئے گرانقدر خدمات سر انجام دئیے ہیں۔انہوں نے چترال کے عوامی مسائل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے متنبہ کیاکہ گولین گول بجلی گھر سے چترال کے تمام دیہات کو دسمبر تک بجلی فراہم کی جائے، چترال کے چار بڑے ایری گیشن چینلز پر کام شروع کئے جائیں جبکہ دروش میگا واٹر سپلائی اسکیم کو بھی فعال بنایا جائے۔ انہوں نے ٹمبر مافیا کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا مخصوص افراد کیلئے لکڑی کا حصول آسان ہے جبکہ غریب لوگوں کو پرمٹ نہیں مل رہے ہیں ۔ انہوں نے صوبائی حکومت، کورکمانڈر پشاور اور دیگر اعلیٰ حکا م سے مطالبہ کیا کہ عمارتی لکڑی کے نقل و حمل کے اوپر پابندی کو فوری طور ختم کیا جائے۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ضلع ناظم حاجی مغفرت شاہ نے کہاکہ آنیوالے دور میں چترال کو مختلف چیلنجز درپیش ہیں جن سے نبردآزما ہونے کیلئے جماعت اسلامی کی صوبائی اور مرکزی قیادت کو چترالی عوام کی سرپرستی کرنی ہوگی۔ چترال کے حوالے سے مخصوص قوانین وضع کرکے انہیں اسمبلی سے پاس کرانے کی ضرورت ہے۔جماعت اسلامی کے عظیم الشان شمولیتی جلسے سے ضلع ناظم دیر بالا صاحبزادہ فصیح اللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آنیوالا دور جماعت اسلامی کا ہے اور میں یہاں ضلع دیر کے عوام کا پیغام لیکر آیا ہوں کہ وہاں کے عوام ملک میں استحصال اور کرپشن کے خاتمے اور اسلامی نظام کے نفاذ کے لئے جماعت اسلامی اور سراج الحق کے ہاتھ پر بیعت کر لیا ہے اور چترال کے عوام بھی اس بیعت میں شامل ہوں۔
بعد ازاں دروش کے مختلف علاقوں سے کثیر تعداد میں لوگوں نے جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا جنہیں سراج الحق اور مشتاق احمد نے ہار پہنائے ۔ شمولیتی جلسے سے سابق چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل الحاج خورشید علی خان نے بھی خطاب کیا جبکہ سید فرید جان ایڈوکیٹ نے عوامی مسائل کے حوالے سے سپاسنامہ پیش کیا۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button