تازہ ترین

عمران خان کے باپ کو کرپشن کے چارج پر نکالا گیا، عزت دار ہوتا تو سیاست چھوڑ دیتا، پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے عمران خان کے سارے پول کھول دیے

اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ عمران خان نے اب اگر سندھ کا رخ کیا تو اسے گندے انڈے اور ٹماٹر پڑیں گے، جو الزامات پارٹی کے اندر سے عمران خان پر لگ رہے ہیں کوئی اور عزت دار شخص ہوتا تو سیاست بھی چھوڑ دیتا،عمران خان نے پیپلز پارٹی اور اس کی لیڈر شپ پر جھوٹے اور گھٹیا الزامات لگائے، اب ہمارے لئے مشکل ہے کہ پی ٹی آئی کے ساتھ کوئی بھی تعاون پارلیمنٹ کا اندر یا باہر کر سکیں،عمران خان کے باپ کو کرپشن کے چارج پر نکالا گیاتھا، بلاول بھٹو کو سیاست سیکھنے کی ضرورت نہیں نہ ہی انہیں عمران خان کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت ہے، عمران خان کو کرکٹ کے علاوہ کچھ نہیں آتا، آخر وہ کون سے ذرائع ہیں جن سے عمران خان کو فنڈنگ ہو رہی ہے، وہ فنڈنگ کیوں ہو رہی ہے اور کن مقاصد کیلئے ہو رہی ہے۔بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے با ہر مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنماء نویدقمر نے کہا ہے کہ عمران خان نے جلسے میں پیپلز پارٹی اور اس کی لیڈر شپ پر جھوٹے اور گھٹیا الزامات لگائے، ایسی باتیں کہیں جن کا دور دور تک حقیقت سے کوئی واسطہ نہیں، یہ بات ثابت کرنے کیلئے کہ وہ گالی گلوچ میں سب سے آگے ہیں۔ نوید قمر نے کہا کہ عمران خان کو اپنے گھر کو صاف کرنے کی ضورت ہے، جو الزامات پارٹی کے اندر سے عمران خان پر لگ رہے ہیں کوئی اور عزت دار شخص ہوتا تو سیاست بھی چھوڑ دیتا۔ انہوں نے کہا کہ اب ہمارے لئے مشکل ہے کہ پی ٹی آئی کے ساتھ کوئی بھی تعاون پارلیمنٹ کے اندر یا باہر کر سکیں، ہم نے چار سالوں سے کوشش کی ہے کہ پوری اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں، عمران خان نے کئی دفعہ سولوفلائیٹ لینے کی کوشش کی ہے، اپوزیشن لیڈر خورشیدشاہ اور اعتزاز احسن کی قیادت میں ہم نے تمام سیاسی جماعتوں کو اہمیت دی ہے،اپوزیشن اگر منتشر ہو گی تو فائدہ حکومت کو ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ جس وقت پی ٹی آئی بائیکاٹ پر تھی اور اسمبلی میں نہیں آئی تھی تب بھی موثر اپوزیشن ہوتی تھی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما اعجاز جاکھرانی نے کہا کہ عمران خان نے آصف علی زرداری اور فریال تالپور پر الزامات لگائے ہیں، عمران خان کے باپ کو کرپشن کے چارج پر نکالا گیا تھا، پچھلے چار سالوں میں تو نوکریوں پر پابندی تھی پھر کہاں سے نوکریاں بیچی گئی ہیں۔اعجاز جاکھرانی نے کہا کہ بلاول بھٹو ، بے نظیر بھٹو کے بیٹے اور ذوالفقار علی بھٹو کے نواسے ہیں، انہیں سیاست سیکھنے کی ضرورت نہیں نہ ہی انہیں عمران خان کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت ہے، عمران خان سیاستدانوں کو بدنام کر رہے ہیں، ان کو احترام کا پتہ ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان صرف کرکٹر تھے، انہیں کرکٹ کے علاوہ کچھ نہیں آتا، سیتا وائٹ کو کہتے ہو میری اولاد نہیں، اس بکواس کو اب بند ہونا چاہیے، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سینیٹر تاج حیدر نے کہا کہ سندھ میں نوکریوں کے حوالے سے ایک ویب سائٹ سندھ روزگار کے نام سے بنائی گی جس میں نوکریوں کی ساری تفصیلات دی ئیں،عمران خان کی پارٹی کے بارے میں فارن فنڈنگ کے بڑے سوالات ہیں، آخر وہ کون سے ذرائع ہیں جن سے عمران خان کو فنڈنگ ہو رہی ہے، وہ فنڈنگ کیوں ہو رہی ہے اور کن مقاصد کے لئے ہو رہی ہے، عمران خان کو اکاؤنٹس کی تفصیلات پیش کرنے میں کیوں دیر ہو رہی تھی اور وہ کیوں کہہ رہے ہیں کہ اکاؤنٹس کو خفیہ رکھا جائے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی رہنما شگفتہ جمانی نے کہا کہ عمران خان بوکھلاہٹ کا شکار ہو گیا ہے، اس کو معلوم نہیں ہے کہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کا شجرہ کیا ہے، فریال تالپور کا نوکریوں سے کوئی تعلق نہیں۔شگفتہ جمانی نے کہا کہ سیتا وائٹ سے لے کر جمائمہ تک ،جمائمہ سے لے کر ریحام خان اور پھر عائشہ گلالئی تک وہ سب کیا کہتی ہیں ان کے بارے میں، جس کو اپنی اولاد کے بارے میں نہیں پتہ وہ بات کر رہا ہے، وہ ڈینگی کی وجہ سے بھاگا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے عمران خان کو بہت عزت دی، اسے عزت راس نہیں آئی، اب اگر اس نے سندھ کا رخ کیا تو اسے گندے انڈے اور ٹماٹر پڑیں گے۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button