تازہ ترین

صوبائی حکومت صوبے کے ڈویژنل ہیڈ کوارٹر کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے کیلئے 259 ملین روپے کے مختلف منصوبوں پر برق رفتاری کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ عنایت اللہ خان

پشاور( آوازنیوز )خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے بلدیات وپارلیمانی لیڈر جماعت اسلامی عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صوبے کے ڈویژنل ہیڈ کوارٹر کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے کیلئے 259 ملین روپے کے مختلف منصوبوں پر برق رفتاری کے ساتھ کام کر رہی ہے جنکی تکمیل سے ڈویژنل ہیڈ کوارٹر حقیقی معنوں میں ماڈل شہروں میں شمار ہونے لگیں گے اور لوگوں کو خوشگوار تبدیلی کااحساس ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر پشاور میں ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کی خوبصورتی اور دیگر منصوبوں سے متعلق اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹر ی بلدیات سید جمال الدین شاہ، سیکر ٹری لوکل کونسل بورڈ حضر حیات، پلاننگ آفیسر طاہرہ یاسمین کے علاوہ متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز ، ٹی ایم اوز اور افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈویژنل ہیڈ کوارٹر میں جاری، نئی منصوبوں اوردرپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سینئر وزیر نے کہا کہ مخلوط حکومت محض اپنی آئینی مدت پوری کرنے نہیں بلکہ وہ عملی طورپر عوام کی بے لوث خدمت کا تہیہ کئے ہوئے ہیں اور اس ضمن میں صوبے کے تمام اضلاع کی انتظامیہ سمیت تمام اداروں کی پیشہ ورانہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنی متلعقہ ڈویژن میں صفائی ستھرائی کے جاری منصوبوں پر حکومتی وژن کے مطابق سکیموں پر کام کی رفتار مزید تیز کریں تاکہ ان کی بر وقت تکمیل کو یقینی بنایا جاسکے اور عوام ان کے ثمرات سے مستفید ہوسکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ حکام منصوبوں پر ہونے والے کام کے معیار کی بھی کڑی نگرانی کریں تاکہ انہیں ممکنہ حد تک معیاری بنایا جا سکے اور عوام کی مشکلات کا ازالہ بھی ہو۔ سینئر وزیر نے بیوٹی فیکیشن کے منصوبوں میں ضلع سوات کے متعلقہ حکام کی عدم دلچسپی اورآج کے اجلاس سے غیرحاضری پر ناراضگی کا اظہا ر کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ اپنا قبلہ درست کر لیں بصورتِ دیگر ان کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سوات قدرتی حسن سے مالامال ہے تاہم ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ اس کی سڑکوں اور داخلی راستوں کو خوبصورت بنایا جائے تاکہ مذکورہ ضلع کا حسن دوبالاہو اور لوگوں کے جمالیات کے ذوق کو مزید تسکین ملے۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button