عدالت کے ایک اہلکار اسلام الدین پیادہ نے ریٹائرڈ ڈی۔ایس ۔ پی حبیب الرحمن پر حملہ کردیا
چترال (شہریار بیگ سے )ضلعی کچہری کے احاطے میں عدالت کے ایک اہلکار اسلام الدین پیادہ نے مبینہ طور پر ریٹائرڈ ڈی۔ایس ۔ پی حبیب الرحمن پر اس وقت حملہ کردیا جب وہ عدالت میں ایک پیشی سے فارع ہوکر جارہے تھے ۔ اس موقع پر موجود لوگوں نے جب دونوں کے درمیان بیچ بچاؤ کررہے تھے تو اسلام الدین نے حبیب الرحمن کے ایک رشتہ دار وکیل الطاف گوہر ایڈوکیٹ کو مکا مارا جس سے ان کے چہرے سے خون بہنے لگا۔ بعدازاں وکلاء نے اپنے ساتھی وکیل پر حملے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے عدالتوں کا بائیکاٹ کیااور حملے میں ملوث عدالتی اہلکار کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ درین اثناء ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس صدر ساجداللہ کے زیر صدارت منعقد ہوا جس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ وکیل پر حملے میں ملوث اہلکار کی ملازمت سے معطلی اورپھر برخاستگی تک تمام وکلاء عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کریں گے۔ عدالتی اہلکار کا ریٹائرڈ ڈی۔ ایس۔ پی پر بلااشتعال حملے کی وجہ فوری طور پرمعلوم نہ ہوسکی ۔ اس خبر کو فائل کرنے تک پولیس اسٹیشن چترال میں کوئی ایف۔ آئی ۔آر درج نہیں ہوا تھا۔