تازہ ترین

سات مئی کے علماء و مشائخ کانفرنس سے صوبے میں فرقہ واریت کے خاتمے ، اتحاد امت اور اسلامی نظام کے لئے راہ ہموار ہوگی۔ ا مشتاق احمد خان

پشاور (آوازنیوز)امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ07مئی کے علماء و مشائخ کانفرنس سے صوبے میں فرقہ واریت کے خاتمے ، اتحاد امت اور اسلامی نظام کے لئے راہ ہموار ہوگی۔ جمعیت اتحاد العلماء خیبر پختونخوا پورے پاکستان کے لئے ایک مثال بن جائے گی جس کی کوششوں سے علماء کرام فروعی اختلافات کو پس پشت ڈال کر اسلامی ریاست کے قیام کے لئے جدوجہد کا آغاز کریں گے۔ کانفرنس میں علماء و مشائخ اس عہد کی تجدید کریں گے کہ ہم اس صوبے سے فرقہ واریت کی بیخ کنی کے لئے اور اسلامی معاشرے کے قیام کے لئے اپنی جدوجہد کا آغاز کریں گے۔ دینی مدارس میں 33لاکھ طلباء زیر تعلیم ہیں اور یہ دنیا کی سب سے بڑی فلاحی تنظیمیں ہیں، حکمران دینی مدارس کے خلاف مغربی آقاؤں کے اشاروں پر پراپیگنڈا بند کریں اور انہیں دہشت گردی سے جوڑنے کی ناپاک کوششیں ترک کردیں۔دینی مدارس کی تیار کردہ قیادت امانت و دیانت اور حب الوطنی کا شاندار ریکارڈ رکھتی ہے۔ آف شور کمپنیوں اور اکاؤنٹس کے مالک دینی مدارس کی تیار کردہ قیادت نہیں بلکہ سیکولر قیادت ہیں۔ تاریخ ساز علماء و مشائخ کانفرنس سے سود کے خلاف جماعت اسلامی کی جدوجہد کو زبردست تقویت ملے گی۔ اسلامی نظام کے قیام کے لئے علماء کرام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں اور 07مئی کو بھر پور شرکت کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکزالاسلامی پشاور سے جاری کئے گئے اپنے ایک بیان میں کیا۔ مشتاق احمد خان نے کہاکہ پاکستان کا سیکولر اور لبر ل طبقہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت آئین سے بعض اسلامی شقوں کو نکالنے کے لئے سرگرم ہے۔ جن میں ناموس رسالت ﷺ ایکٹ 295-C اور تحفظ ختم نبوت ایکٹ شامل ہیں۔ علماء و مشائخ لبرل طبقے کی اس خواہش کو کبھی بھی پورا نہیں ہونے دیں گے۔تحفظ ناموس رسالت ایکٹ کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ رسول اللہ ﷺ کی محبت ہر مسلمان کے ایمان کا لازمی جز ہے، سیکولرز اور لبرلز کے ناپاک عزائم خاک میں ملادیں گے۔علماء و مشائخ پاکستان کو ایک اسلامی فلاحی ریاست بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں گے جو وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام علماء و مشائخ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی قیادت میں جدوجہد کرنے پر متفق ہیں۔ علماء کرام پاکستان کی اسلامی تشخص کو برقرار رکھنے کے لئے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں اور ملک کو کرپشن ، اقرباء پروری ، جیالا نوازی اور لوٹ کھسوٹ سے نجات دلانے کے لئے جماعت اسلامی کے شانہ بشانہ جدوجہد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ اور کرپشن کے خاتمے کے لئے جماعت اسلامی کی جدوجہد جاری رہے گی۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button