تازہ ترین

نادرا نے شہریوں کے بلاک شناختی کارڈ ایک ماہ کے اندر اندر بحال نہ کئے تو پھر عوام نادرا کے دفاتر کو بلاک کرنے پر مجبور ہوں گے۔ سینیٹر سراج الحق

تیمرگرہ( نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ اگر نادرا نے شہریوں کے بلاک شناختی کارڈ ایک ماہ کے اندر اندر بحال نہ کئے تو پھر عوام نادرا کے دفاتر کو بلاک کرنے پر مجبور ہوں گے۔ بلاک شناختی کارڈوں کا مسئلہ مردم شماری پر اثر انداز ہورہا ہے۔پاکستان کو کسی اور شریف کی نہیں بلکہ قرآن شریف اور درود شریف کی ضرورت ہے۔ چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ مستقبل کا گیم چینجر منصوبہ ہے، مرکزی حکومت ملاکنڈ ڈویژن کو سی پیک میں حصہ دے۔ سودی نظام کی وجہ سے ملک کی معیشت کھوکھلی ہوچکی ہے اور ملک کا بچہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کا مقروض ہے، سودی نظام کے خلاف بہت جلد اسلام آباد میں دھرنا دیں گے۔ پانامہ زدہ حکمرانوں نے ملک میں لوٹ مار مچارکھی ہے، انہوں نے یہاں سے سارا پیسہ لوٹ کر پانامہ اور دیگر بنکوں میں چھپا رکھا ہے۔ اب عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے۔ ہمارا کیس سپریم کورٹ میں ہے۔ چیف جسٹس سے درخواست ہے کہ وہ کرپشن کے خلاف فیصلہ دیں ۔ جس دن چند بڑوں کو کرپشن کی پاداش میں سزا ہوئی اس دن عوام سمجھیں گے کہ پاکستان صحیح راستے پل چل پڑا ہے۔ اگر عدالتوں نے انصاف نہیں کیا تو پھر عوام خود چوکوں اور چوراہوں پر فیصلہ کریں گے۔کرپشن کے خلاف ہماری جدوجہد جاری رہے گی موجودہ حکمرانوں سے خیر کی توقع بے وقوفی ہے ۔ 2018ء کے الیکشن میں سیکولرطاقتوں کو شکست سے دوچار کریں گے۔ عوام کی نظریں جماعت اسلامی کی طرف ہیں، لوگوں کی جوق در جوق شمولیت جماعت اسلامی پر اعتماد کااظہار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریسٹ ہاؤس گراؤنڈ تیمر گرہ میں شمولیتی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شمولیتی جلسے سے جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر مشتاق احمد خان ، جماعت اسلامی فاٹا کے امیر حاجی سردار خان، صوبائی وزیر خزانہ مظفر سید ایڈووکیٹ، ممبر قومی اسمبلی صاحبزادہ محمد یعقوب، امیر جماعت اسلامی ضلع دیر پائین مولانا اسداللہ، دیر بالا کے امیر حنیف اللہ، اعزازالملک افکاری، چئیرمین ڈیڈک کمیٹی دیر پائین سعید خان اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔ اس موقع پر چھ سو سے زائد عمائدین نے اپنے خاندانوں اور ساتھیوں سمیت مختلف سیاسی جماعتوں سے مستعفی ہوکر جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ بلاک شناختی کارڈوں کے مسئلے کے حل کے لئے نادرا والوں نے وعدہ کیا تھا کہ ہر ضلع میں ڈپٹی کمشنر ، ممبر قومی اسمبلی اور مقامی ناظم کی ایک کمیٹی بنائی جائے گی جو شناختی کارڈز کی تصدیق کرے گی لیکن تاحال کچھ نظر نہیں آرہا ۔ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے۔ بلاک شناختی کارڈوں کی وجہ سے لوگوں کے ویزے خراب ہوگئے ہیں۔ نادرا نے ایک مہینے کے اندر مسئلے کا حل نہ نکالا تو ہم بھی ان دفاتر کا گھیراؤ اور بلاک کریں گے۔
حکومت ملاکنڈ ڈویژن کے نوجوانوں کو تعلیم، صحت اور بنیادی سہولیات فراہم کرے۔ یہاں کے نوجوان بے روزگار ہیں، سکی پیک میں ملاکنڈ ڈویژن کو حصہ ملا تو یہاں بھی کارخانے اور ملیں لگیں گی جس کی بدولت یہاں کے نوجوانوں کو روزگار کی سہولت کی ملے گی۔ عرب ممالک میں ملاکنڈ ڈویژن کے مزدور مشکلات کا شکار ہیں، حکومت ان حکومتوں سے مزدوروں کے مسائل کے حوالے سے بات کرے اور ان می مشکلات حل کرے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ ورلڈ بنک سے قرض کی قسط ملنے کو کامیابی کہتے ہیں ۔ قرض لینا کوئی بڑی کامیابی نہیں بلکہ عوام کی معاشی حالت بہتر بنانا اور انہیں بنیادی انسانی ضروریات مہیا کرنا بڑی کامیابی ہے۔ ملکی ادارے پی آئی اے ، واپڈا ، سٹیل مل، پی ٹی سی ایل تباہی کا شکار ہیں۔یہ سب ادارے کرپشن کی وجہ سے ناکامی اور تباہی سے دوچار ہیں۔ اگر عدالتوں نے احتساب نہیں کیا تو عوام خود احتساب کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک کو اسلامی اور خوشحال بنانا چاہتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں ملک کی عدالتوں میں فیصلے قرآن کے مطابق ہوں۔ ہم ملک میں یکساں اور مفت نظام تعلیم چاہتے ہیں۔ جماعت اسلامی 2018ء کے انتخابات میں بھر پور کامیابی حاصل کرے گی، ہم سیکولر قوتوں کو شکست فاش دے کر ملک میں اسلامی نظام نافذ کریں گے۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button