تازہ ترین

پاکستان کے نوجوان ملک کا سرمایہ اور مستقبل ہیں۔ عنایت اللہ خان

پشاور ( آوازنیوز )سینئر وزیر بلدیا ت ودیہی ترقی خیبرپختونخوا و پارلیمانی لیڈر جماعت اسلامی عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ انشاء اللہ پاکستان قیامت تک سلامت رہے گا پاکستان کے دشمن ناکام ہوں گے پاکستان کے نوجوان ملک کا سرمایہ اور مستقبل ہیں۔ ہمارے گراؤنڈ آباد ہوں، کھلاڑی مقابلے کے لئے میدان میں موجود ہوں، اسی سے ہی نئی نسل کا مستقبل بھی محفوظ ہوتا ہے اور نوجوان خرابیوں سے بچ کر ایک صحت مند مقابلے کے ساتھ آگے بڑھتے ہیں۔فٹ بال ٹورنامنٹ کے آرگنائزر کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، جنہوں نے نوجوانوں کے لئے ایک بہت ہی صحت مند سرگرمی کا اہتمام کیا ہے۔ وہ کالج گراؤنڈ غزنی خیل لکی مروت میں ینگ الیون بنوں اور آتش کلب ٹانک کے درمیان فٹ بال ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کے موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر رہے تھے ۔اس موقع پر ہمایون سیف اللہ خان ، تحصیل کونسلر و نائب امیر جماعت اسلامی لکی مروت عزیز اللہ مروت اور فرمان اللہ غزنی خیل نے بھی خطا ب کیا ۔ سینئر وزیر عنایت اللہ خان نے کھلاڑیوں میں انعاما ت تقسیم کیے ۔ اس موقع پر ہمایون سیف اللہ خان نے سینئر وزیر کو اعزازی شیلڈ اور تلوار بھی پیش کی ۔سینئر وزیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج بدقسمتی اورسب سے بڑا ظلم اور المیہ یہ ہے کہ نوجوانوں کو یکسر نظر انداز کیا جا رہا ہے، نوجوانوں کی ضروریات کو پورا کرنے کا اہتمام نہیں کیا جا رہا، نوجوان عزت کی زندگی چاہتے ہیں، پاکستان سے والہانہ محبت رکھتے ہیں اور عزت کی روٹی اور روزی چاہتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بہت اچھا اور بہت ہی خوبصورت ملک ہے، پاکستان کو اللہ نے ہر طرح کے وسائل دیئے ہیں، نوجوان بے پناہ صلاحیتیں رکھتے ہیں ، پوری قوم اور نوجوان پاکستان کی ہر دشمن قوت کا مقابلہ کرنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں لیکن بدقسمتی یہ ہے کہ اقتدار اوراختیار جن کے پاس ہوتا ہے قومی وسائل پر جنہوں نے عوام کو سہولت دینی ہوتی ہے وہ ان تمام چیزوں سے عاری ہیں اور مجرمانہ غفلت کا شکار ہیں، میں نوجوانوں سے یہی کہوں گا اپنی جوانیوں کو بیدار رکھیں، اللہ کے دین کے ساتھ وابستہ رہیں، ہر میدان میں امانت و دیانت کے ساتھ اللہ کی دی ہوئی صلاحیتوں کی بنیاد پر مقابلے کی جستجو پیدا کریں اور امانت و دیانت سے آگے بڑھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ نے دیکھا کہ پی ایس ایل کے مقابلے ہوئے، جس میں چاروں صوبوں اور اسلام آباد کی ٹیم نے حصہ لیا اس کرکٹ کے میدان میں پی ایس ایل اور کھلاڑیوں کے والہانہ جذبے نے پوری قوم کو ایک نیا جوش و جذبہ دیا۔انہوں نے کہا کہ میں فٹ بال ٹورنامنٹ کے شاندار انعقاد پر پر مبارک باد دیتا ہوں، صوبے میں کھیلوں کی روشنیاں لوٹ رہی ہیں اور آپ لوگوں کو مزید بہت کام کرنا ہے، انشاء اللہ جماعت اسلامی نوجوانوں کو ساتھ لے کر تعلیم میں اسپورٹس میں اور دیگر اچھی سرگرمیوں میں اس صوبے کو آگے لے کر جائے گی ۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button