عوام کو جواب دہ ہیں کسی کو عوامی دولت لوٹنے دیں گے اورنہ سرکاری وسائل کسی کو استعمال کرنے دیں گے۔عنایت اللہ خان
پشاور ( نمائندہ آواز )سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی خیبرپختونخوا و پارلیمانی لیڈر جماعت اسلامی عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ عوام کو جواب دہ ہیں کسی کو عوامی دولت لوٹنے دیں گے اورنہ سرکاری وسائل کسی کو استعمال کرنے دیں گے۔موجودہ حکومت عوامی وسائل کو عوام کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کے لیے بروئے کار لائے گی تاکہ صوبے کے عوام کے ساتھ ماضی میں ہونے والے زیادتیوں اور محرومیوں کا ازالہ ہو۔ ہمیں عوام کو درپیش مسائل کا احساس ہے اور ان کے حل کے لیے تمام وسائل کو بروئے کارلائیں گے۔مقامی حکومتوں سے عوامی مسائل کے حل میں مدد ملے گی اوریہ عوام کے امنگوں و خواہشات کے عین مطابق ہے۔وہ اپنے دفتر میں مختلف وفود سے بات چیت کر رہے تھے ۔صوبائی وزیر بلدیات عنایت اللہ خان نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے سے غربت ، جہالت اور بے روزگاری کا خاتمہ موجودہ حکومت کا مشن ہے جس کے لیے تمام محکموں میں اصلاحات کر کے عوام کے تابع بنایا جارہاہے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کاغذی کاروائی اور زبانی جمع خرچ کے بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت معاشرتی ناہمواریوں کی وجہ سے تناؤ کا شکا ر ہے معاشی ناہمواریاں ہیں ایک صوبہ دوسرے صوبے کے حقوق غصب کیے ہوئے ہیں ملک کے وسائل پر جاگیر دار اور اشرافیہ قابض ہے عوام میں تعلیم ،صحت و علاج کی عدم دستیابی سے محروم ہیں بے روزگاری اورمہنگائی عام ہے ۔جب تک معاشرے سے بے انصافی کا خاتمہ نہیں کیا جاتا امن کا قیام ممکن نہیں ہے ۔ جو تنظمیں معاشرے میں عدل وانصاف بالادستی اور امن کے قیام کے لیے کوششیں کر رہے ہیں اس کا ساتھ دیں گے ۔