تازہ ترین

عمران خان کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کے کیس میں نوٹس جاری

لاہور(آوازچترال) الیکشن کمیشن کی جانب سے عمران خان کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کے کیس میں نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کو جاری کیے گئے نوٹس کے مطابق الیکشن کمیشن نے انہیں کل بروز بدھ دن 10 بجے ذاتی حیثیت یا بذریعہ وکیل طلب کرلیا۔ الیکشن کمیشن نے نوٹس میں لکھا کہ نااہلی کے باوجود آپ پی ٹی آئی کے چئیرمین ہیں، آپ الیکشن کمیشن کے رو برو پیش ہو کر وضاحت کریں۔
سابق وزیر اعظم کو نوٹس ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اسلام آباد کے ذریعے ان کی رہائش گاہ بنی گالہ کے پتے پر ارسال کر دیا گیا۔ نوٹس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا بھی حوالہ دیا گیا جس میں لکھا ہے کہ اثاثوں کے بارے میں غلط بیانی پر عمران خان نااہل کیے گئے، ایسا شخص پارٹی کا سربراہ نہیں رہ سکتا۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن میں عمران خان،اسد عمر اور فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ہوئی۔

الیکشن کمیشن کے ممبر نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے سماعت کی،الیکشن کمیشن نے عمران خان،اسد عمر اور فواد چوہدری کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کر دی۔ الیکشن کمیشن نے حاضری سے استثنٰی کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنایا،الیکشن کمیشن نے عمران خان،اسد عمر اور فواد چوہدری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے اور انکی حاضری سے استثنی کی درخواست خارج کر دی۔
الیکشن کمیشن میں کیس کی آئندہ سماعت 17 جنوری ہو گی۔ یاد رہے کہ گزشتہ سماعت پر الیکشن کمیشن نے عمران خان،اسد عمر اور فواد چوہدری کیخلاف توہین الیکشن کیس میں کہا تھا کہ 4 ماہ ہو گئے لیکن وہ الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہو رہے ہیں،اگلی سماعت پر پیش نہ ہوئے تو وارنٹ جاری کریں گے۔ الیکشن کمیشن میں عمران خان،اسد عمر اور فواد چوہدری کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ہوئی،ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے سماعت کی۔
پی ٹی آئی کی طرف سے وکیل علی بخاری الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور کہا تھا کہ عمران خان خرابی صحت کی وجہ سے الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہوسکتے جبکہ فواد چوہدری کی والدہ علیل ہیں اور وہ ہسپتال میں ہیں۔ اسد عمر کی پرواز تاخیر کا شکار ہے جس کی وجہ سے وہ پیش نہیں ہو سکے۔ وکیل نے استدعا کی کہ عمران خان اور فواد چوہدری کی حاضری سے استثنٰی کی درخواست منظور کی جائے۔ ممبر نثار درانی نے کہا کہ 4 ماہ ہو گئے لیکن وہ الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہو رہے ہیں۔آپ عمران خان کا میڈیکل سرٹیفکیٹ الیکشن کمیشن میں جمع کرائیں یا پھر شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرائیں۔ وکیل علی بخاری نے کہا کہ جواب سینئر کونسلز جمع کرائے گی،انور منصور نے کہا کہ اگلی سماعت سے پہلے جواب جمع کرا دیں گے۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button