تازہ ترین

وزیراعلیٰ نے سی ٹی ڈی کے ملازمین کیلئے ایک بنیادی تنخواہ کے برابر سی ٹی الاؤنس کی فراہمی کی تجویز سے اُصولی اتفاق

پشاور (آوازچترال نیوز)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ضم اضلاع میں پولیس کی استعداد کار میں اضافہ کرنے مطلوبہ تعداد اورمعیار کے مطابق پولیس نفری کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے بھر تی کے عمل کو آسان بنانے کی ہدایت کی ہے تاکہ ضم اضلاع میں پولیس کی خالی آسامیوں پر مقامی اُمیدواروں کی بھرتی ممکن ہو سکے۔انہوں نے صوبے کے تمام اضلاع میں سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز کے قیام کی بھی منظوری دی اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ باضابطہ انفراسٹرکچر قائم ہونے تک شارٹ ٹرم انتظامات کئے جائیں تاکہ محکمہ اپنی ذمہ داریاں احسن اندازمیں انجام دینے کے قابل ہو سکے۔انہوں نے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپاٹمنٹ کی استعداد کار میں اضافہ کیلئے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس کی آسامی سمیت متعدد نئی آسامیوں کی تخلیق اور ٹریننگ سکول کے قیام کی تجاویز سے اُصولی اتفاق کرتے ہوئے ہدایت کی کہ آئندہ ہفتے تک نئی آسامیوں کی تخلیق کے عمل کو حتمی شکل دی جائے۔ اجلاس میں سی ٹی ڈی کیلئے ٹیکنکل ماہرین کی بھرتی کی منظوری دی جبکہ سی ٹی ڈی کو ٹیکنکل ڈیٹا تک رسائی دینے کی ضرورت سے اتفاق کیاگیا اور یہ معاملہ بلاتاخیر متعلقہ وفاقی حکام کے ساتھ اُٹھانے کی ہدایت کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے سی ٹی ڈی کے ملازمین کیلئے ایک بنیادی تنخواہ کے برابر سی ٹی الاؤنس کی فراہمی کی تجویز سے اُصولی اتفاق کیا اور ہدایت کی کہ متعلقہ کمیٹی کے ذریعے معاملے کو حتمی شکل دی جائے۔وہ بدھ کے روز وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں پراونشل ٹاسک فورس کے دسویں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے داخلہ بابر سلیم سواتی، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف، کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل سردارحسن اظہر حیات، چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد بنگش، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، انسپکٹر جنرل پولیس معظم جاہ انصاری، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز  اور دیگر اعلیٰ عسکری و سول حکام بھی اجلاس میں موجود تھے جبکہ متعلقہ ڈویژنل کمشنرز، آر پی اوز، ڈی پی اوزاور ڈپٹی کمشنرز نے بھی بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button