تازہ ترین

شہبازگل کی طبیعت بگڑ گئی، ہسپتال منتقل

اسلام آباد(آوازچترال نیوز) شہباز گل کی طبیعت بگڑ گئی، ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کو اسلام آباد پولیس کی جانب سے سانس لینے میں دشواری کی شکایت پر پمز ہسپتال ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ پمز ہسپتال میں شعبہ میڈیسن، نیوروفزیشن اور کارڈیک ڈاکٹرز پر مشتمل ٹیم ڈاکٹر شہباز گل کا طبی معائنہ کرے گی، ان کا کرونا ٹیسٹ بھی کروائے جانے کا امکان ہے۔اس سے قبل دنیا نیوز کے مطابق راولپنڈی اڈیالہ جیل انتظامیہ اور پنجاب پولیس نے گھنٹوں رکاوٹیں پیدا کرنے کے بعد بالآخر پی ٹی آئی رہنماء شہبازگل کو اسلام آباد پولیس کے حوالے کردیا تھا، بتایا گیا کہ شہبازگل کو پمز ہسپتال کی ایمبولینس میں اسلام آباد منتقل کیا جائے گا، پمز ہسپتال میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی تھی۔اس سے قبل اسلام آباد پولیس اور پنجاب پولیس آمنے سامنے تھیں، پنجاب پولیس عدالتی حکم کے باوجود شہبازگل کی اسلام آباد پولیس کو حوالگی نہیں کررہی تھی ،جس کے بعد وفاقی حکومت نے اڈیالہ جیل سے پی ٹی آئی رہنماء شہبازگل کو لانے کیلئے رینجرز کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا، وزارت داخلہ نے رینجرز کی نفری کو اڈیالہ جیل پہنچنے کی ہدایت کی،رینجرز کو عدالتی احکامات پر عملدرآمد کیلئے طلب کیا گیا ۔وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اگر شہبازگل کو اسلام آباد پولیس کے حوالے نہ کیا گیا تو توہین عدالت کی کاروائی کی جائے گی۔جس کے بعد اڈیالہ جیل انتظامیہ نے شہبازگل کو اسلام آباد پولیس کے حوالے کردیا۔دوسری جانب وفاقی وزیراطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شہبازگل کو تفتیش سے بچانے کیلئے ہر حربہ استعمال کیا جارہا ہے، یہ عدالتی احکامات کی کھلم کھلی خلاف ورزی ہے،عمران خان نے قانون کی دھجیاں بکھیر دیں۔انہوں نے اپنے ردعمل میں کہا کہ شہبازگل کو تفتیش سے بچانے کیلئے ہر حربہ استعمال کیا جارہا ہے، عمران خان نے قانون کی دھجیاں بکھیر دیں، عدالتی احکامات کی کھلم کھلی خلاف ورزی کی گئی، عمران خان کا پنجاب کی بیورورکریسی پرناجائزدباؤ ہے۔ یاد رہے ذرائع دنیا نیوز نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے شہباز گل کو راولپنڈی کے اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔آئی جی جیل خانہ جات نے موقف اپنایا کہ یہ کام غیر قانونی ہے نہیں ہو سکتا۔تاہم عمران خان نے آئی جی اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو ہدایت کی ہے کہ جو بھی نتائج ہوں پرواہ نہیں، شہباز گل کو منتقل کیا جائے۔ دریں اثناء ریاستی ادارے کے خلاف بیان بازی اوربغاوت پیدا کرنے والی الزام تراشی کے جرم میں گرفتار پی ٹی آئی رہنماء شہبازگل کو ڈی ایچ کیو ہسپتال راولپنڈی منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔شہبازگل کو ڈی ایچ کیو رکھنے کے احکامات حاصل کرلیے گئے، جس کے بعد ڈی ایچ کیو ہسپتال کا آئی سی یو خالی کروا لیا گیا ہے، ایم ایس ڈی ایچ کیو راولپنڈی بھی ہسپتال پہنچ گئی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ شہبازگل کو ہسپتال منتقل کرنے کیلئے ریسکیو ایمبولینس اڈیالہ جیل پہنچا دی گئی ہے۔ جیو نیوز کے مطابق شہبازگل کو جیل کے ڈاکٹرز کے چیک اپ کے بعد ان کی ہدایت پر ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے ، میڈیکل افسر جیل ہسپتال کا کہنا ہے کہ شہبازگل کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے، ڈی ایچ کیو راولپنڈی میں پولیس کے گارڈز تعینات کردیے گئے ہیں۔قبل ازیں تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کے وکلاء نے ان کے دو روزہ جسمانی ریمانڈ کے فیصلے کو چیلنج کر دیا۔ شہباز گل کے وکلا نے سیشن عدالت کے جسمانی ریمانڈ کے فیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ شہباز کے دوبارہ ریمانڈ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔ درخواست میں اسلام آباد ہائیکورٹ سے آج ہی سماعت کی استدعا کی گئی۔ اسلام آباد کی سیشن عدالت نے شہباز گل کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔ ا یڈیشنل سسیشن جج زیبا چوہدری نے پولیس کی فوجداری نگرانی اپیل بھی منظور کرلی۔ عدالت نے حکم دیا کہ شہباز گل کو 48 گھنٹوں کیلئے پولیس کے حوالے کیا جاتا ہے۔

 

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button