تازہ ترینکاروبار

حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فی لیٹر30 روپے اضافےکا اعلان

اسلام آباد (  آوازچترال نیوز) حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فی لیٹر 30 روپے اضافہ کردیا۔ اضافے کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 209 روپے 86 پیسے اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 204 روپے 15پیسے ہوجائے گی، پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے عوام پر پٹرول مزید 30 روپے مہنگا کرکے مہنگائی کا بم گرا دیا ہے۔ حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 30 روپے اضافے کا اعلان کردیا ہے۔ اضافے کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 209 روپے 86 پیسے اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 204 روپے 15پیسے ہوجائے گی، وزیرخزانہ نے کہا کہ ڈیزل پر آج بھی 54 روپے کی سبسڈی دے رہے ہیں، اوگرا کی آئندہ سمری جب آئے گی تو اس وقت تک نقصان اور بھی بڑھ جائے گا، عالمی منڈی میں قیمتیں بڑھنے سے ہمیں نقصان ہو رہا ہے۔   نیپرانے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 7 روپے91 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی ہے، بجلی کا بنیادی ٹیرف اس وقت 16روپے 91 پیسے فی یونٹ چارج کیا جارہا ہے، جبکہ اس ٹیرف میں مزید اضافے کی منظوری دے دی گئی ہے، نیپرا نے اپنا یہ فیصلہ وزارت توانائی کو بھجوا دیا ہے، وزرات توانائی پر لازم ہوگا کہ نئی قیمتوں پر صارفین کو سبسڈی دینے سے متعلق ایک مہینے میں فیصلہ کرے۔ اگر وہ فیصلہ نہیں کرتی تو نیا بنیادی ٹیرف تمام صارفین پر لاگو ہوجائے گا، اس وقت بجلی کا بنیادی ٹیرف 16روپے 91 پیسے ہے جو کہ اضافے کے بعد بڑھ کر24 روپے 82 پیسے فی یونٹ ہوجائے گا۔ بجلی کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا، پاورڈویژن اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔ اس سے قبل یکم جولائی سے بجلی کی قیمت میں 8 روپے فی یونٹ تک مزید اضافے کا بھی امکان بتایا گیا تھا کہ بجلی کی قیمت میں اضافہ بنیادی ٹیرف کی مد میں کیا جائے گا ، فیول پرائسز، مہنگا ڈالر، گردشی قرضہ اور کمپنیوں کے نقصانات کے سبب بجلی مہنگی ہو گی ، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ یکمشت نہیں مرحلہ وار ہو سکتا ہے۔ دوسری جانب بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے تیسری سہ ماہی کی ایڈجسٹمنٹ کے لیے نیپرا میں درخواست دائر کی ہے، بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی درخواست پر سماعت 15 جون کو ہوگی۔ ٹیسکو نے 4 ارب 34 کروڑ روپے وصول کرنے کی درخواست کی ہے، پیسکو نے 2 ارب 7 کروڑ، گیپکو کی 1 ارب 97 کروڑ روپے، آئیسکو نے ایک ارب روپے، میپکو نے ایک ارب 80 کروڑ روپے اور حیسکو نے 1 ارب 91 کروڑ روپے کی ایڈجسٹمنٹ مانگی ہے۔دو روز قبل نیپرا نے بجلی کی قیمت میں 3روپے99 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی تھی۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button