تازہ ترین

غیرت مند عوام کو حکمرانوں کیخلاف کھڑا کرونگا، عمران خان

پشاور (  اواز چترال) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ہم نے آج فیصلہ کرنا ہے کہ کیا ہم غلامی چاہتے ہیں‘ یا آزادی‘ کیا ہم امریکیوں کے غلاموں کی غلامی کرنے آئے ہیں۔  اب میں سڑکوں پر نکلوں گا اور غیرت مند عوام کو ان حکمرانوں کے خلاف کھڑا کرونگا۔ پاکستان پر جو حکومت مسلط کی گئی ہے وہ سب کے سب ضمانت پر ہیں۔  وہ پشاور میں رابطہ عوام مہم کے پہلے جلسے سے رات گئے خطاب کررہے تھے۔  انہوں نے کہاکہ میں ساری قوم کا شکریہ ادا کرتا ہوں جس طرح وہ میری کال پر ملک بھر میں اتوار کو نکلی‘ آج پاکستان ایک قوم بن چکی ہے اب میں سڑکوں پر نکلوں گا اور غیرت مند عوام کو ان حکمرانوں کے خلاف کھڑا کرونگا۔  میں چیلنج کرتا ہوں کہ آج تک پاکستان کی عوام ایسے سڑکوں پر نہیں نکلی جیسے میں نکالوں گا‘ شہبازشریف پر 40 ارب کے کرپشن کے کیسز ہیں اسے ہم وزیراعظم نہیں مانیں گے۔  یہ 1970ء کا پاکستان نہیں جب امریکیوں نے سازش کرکے بھٹو کو ہٹایا تھا‘ آج نیا پاکستان ہے۔  یہ سوشل میڈیا کا پاکستان ہے‘ شہبازشریف سن لو ہمارے سوشل میڈیا کارکنوں کے خلاف کاروائیاں بند کرو‘ جس دن ہم نے کال دیدی تو تمہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔  میں عدلیہ کو کہتا ہوں میں آزاد عدلیہ کیلئے جیل گیا‘ میں پوچھتا ہوں کہ جب رات کے اندھیرے میں آپ نے عدالت لگائی‘ کبھی میں نے قانون توڑا‘ میں نے کبھی میچ فکس نہیں کیا‘ کبھی میں نے اداروں کے خلاف عدلیہ کے خلاف عوام کو نہیں بھڑکایا میں نے کیا جرم کیا تھا جو رات کے بارہ بجے آپ نے عدالت لگائی۔  معزز ججز مجھے جواب دیں‘ اس سارے قصے میں دوشیر نکلے ہیں‘ ایک علی محمد خان جس نے قومی اسمبلی میں اکیلے مقابلہ کیا اور دوسرا ڈپٹی سپیکر قاسم سوری۔  میں ججز سے پوچھتا ہوں کیا قاسم سوری نے صحیح نہیں کیا تھا کہ مراسلے میں لکھا ہے کہ امریکہ نے کہاکہ اگر عمران خان کو ہٹاؤ گے تو پاکستان کو معاف کردینگے ہمیں امریکیوں کی معافی کی ضرورت نہیں ہے۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button