تازہ ترین

کیس جلد نمٹانا چاہتے ہیں نگران حکومت کی تشکیل رکی ہیں ، چیف جسٹس

اسلام آباد (  اوازچترال ) سپریم کورٹ میں ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا ہے کہ کیس جلد نمٹانا چاہتے ہیں، نگران حکومت کا قیام کیس کی وجہ سے رکا ہوا ہے۔ چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کے 5 رکنی لارجر بینچ نے اس معاملے پر لیے گئے از خود نوٹس اور متعدد فریقین کی درخواستوں پر سماعت کی۔ آج سماعت کے آغاز میں درخواست گزاروں میں سے ایک خاتون نے روسٹرم پر آکر کہا کہ امریکا میں تعینات رہنے والے سفیر اسد امجید کو بلایا جائے تو سب سامنے آ جائے گا۔  چیف جسٹس نے خواتین درخواست گزاروں کو بات کرنے سے روکتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو سنیں گے۔ اسپیکر کی رولنگ غیر قانونی تھی، رضا ربانی پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر رضا ربانی نے دلائل کے آغاز میں کہا کہ الیکشن کمیشن کا میڈیا میں بیان آیا ہے کہ 3 ماہ میں انتخابات ممکن نہیں، کوشش ہے کہ آج دلائل مکمل ہوں اور مختصر فیصلہ آ جائے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ہم بھی جلدی فیصلہ چاہتے ہیں لیکن تمام فریقین کا مؤقف سن کر دیں گے۔ رضا ربانی نے کہا کہ عدالت کو دیکھنا ہے کہ پارلیمانی کارروائی کو کس حد تک استثنٰی حاصل ہے، جو کچھ ہوا اس کو سویلین مارشل لا ہی قرار دیا جاسکتا ہے، سسٹم نے ازخود ہی اپنا متبادل تیار کرلیا جو غیرآئینی ہے۔ رضا ربانی نے کہا کہ اسپیکر کی رولنگ غیر قانونی تھی، تحریک عدم اعتماد ووٹنگ کے بغیر ختم نہیں کی جاسکتی، آرٹیکل 95 کے تحت ووٹنگ کا عمل ضروری تھا۔ دلائل جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے اس سلسلے میں آئین کے آرٹیکلز 6 کا حوالہ دیا ہے، تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے لیے جاری کردہ نوٹس کے بعد ووٹنگ ضروری ہے، ووٹنگ آئینی کمانڈ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے خلاف بیانیے کے لیے خط کا سہارا لیا گیا اور بیرونی سازش کو وجہ بنایا گیا، جان بوجھ کر تحریک عدم اعتماد کے خلاف بیانیہ بنایا گیا۔ رضا ربانی نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس پہلے ہی تاخیر سے بلایا گیا تھا اور 25 مارچ کو اجلاس بلا کر محض دعا کے بعد ملتوی کردیا جبکہ ماضی میں ایسا نہیں ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس کو کسی بحث کے بغیر 3 اپریل تک ملتوی کیا گیا، 3 اپریل کو ووٹنگ ہونا تھی تو فواد چوہدری اسمبلی میں پوائنٹ آف آرڈر پر خط اور بیرونی سازش لے آئے جبکہ یہ جزو اجلاس کے ایجنڈے پر موجود ہی نہیں تھا۔ رضا ربانی نے کہا کہ 28 مارچ کو تحریک عدم اعتماد کی منظوری ہوئی مگر اجلاس ملتوی کردیا گیا۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ ڈپٹی اسپیکر نے رولنگ پڑھی اور تمام ارکان کو آرٹیکل 5 کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا، ڈپٹی اسپیکر نے یہ بھی اعلان نہیں کیا تھا کہ تفصیلی رولنگ جاری کریں گے، ڈپٹی اسپیکر نے کس بنیاد پر رولنگ دی کچھ نہیں بتایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر کے سامنے عدالتی حکم تھا نہ ہی سازش کی کوئی انکوائری رپورٹ، ڈپٹی اسپیکر نے تحریری رولنگ دیکر اپنی زبانی رولنگ کو غیر مؤثر کر دیا، ان کی رولنگ آئین کے خلاف ہے۔ رضا ربانی کا مزید کہنا تھا کہ بغیر کسی ثبوت اور شواہد کے ڈپٹی اسپیکر کا اپوزیشن اراکین کو غدار قرار دینا غلط تھا، ڈپٹی اسپیکر نے آئین کے تحت کارروائی نہیں بڑھائی، اسپیکر کے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد جمع ہوچکی تھی جس کے بعد اسپیکر کے اختیارات محدود ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر ماسوائے تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے علاوہ کوئی رولنگ نہیں دے سکتا تھا، اسپیکر کی رولنگ غیر قانونی تھی، اسپیکر تحریک عدم اعتماد پر کارروائی کا پابند تھا، اس کے علاوہ جو کچھ بھی کیا گیا وہ غیر قانونی تھا۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button