تازہ ترین

سرکاری محکموں کے ٹھیکوں کیلئے نیا ای پروکیورمنٹ سسٹم تیار

 پشاور(  آوازچترال) خیبر پختونخوا حکومت نے سرکاری ٹھیکوں اور خریداری کے سارے عمل کو ہر ممکن حد تک صاف اور شفاف بنانے کے لئے ایک اہم قدم کے طور پر اگلے مالی سال کے آغاز سے تمام سرکاری محکموں کے ٹھیکوں اور خریداری سے متعلق تمام مراحل اور امور کو آن لائن کرنے کے لئے سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔  خیبر پختونخوا پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی نے اس مقصد کے لئے تمام درکار خصوصیات کا حامل جدید طرز کا ایک نیا ای پروکیورمنٹ سسٹم تیار کر لیا ہے جو تمام صوبائی محکموں کی باہمی مشاورت اور سرکاری خریداری کے لئے ان کی مخصوص ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔  یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت تمام سرکاری محکموں کے ٹھیکوں اورخریداری کے جملہ امورکو آن لائن کرنے کے لئے ای پروکیورمنٹ سسٹم متعارف کروانے سے متعلق منعقدہ ایک اجلاس میں کیا گیا۔  واضح رہے کہ صوبائی حکومت پہلے ہی سے تعمیراتی محکموں میں ٹھیکوں کے لئے ایک محدود پیمانے پر ای بڈنگ اور ای ٹینڈرنگ کا نظام متعارف کراچکی ہے تاہم سرکاری محکموں میں آشیا کی خریداری اور خدمات کے حصول کے لئے روایتی طریقہ کار چل رہا ہے۔  اس ای پروکیورمنٹ سسٹم کے نفاذ سے تمام سرکاری محکموں میں ٹھیکوں کے ساتھ ساتھ آشیا کی خریداری اور خدمات کے حصول کا سارا عمل بھی آن لائن ہوجائے گا جس میں ای ٹینڈرنگ، ای بڈنگ، ای ورک آرڈر، ای پیمنٹ، آن لائن رجسٹریشن اور دیگر امور شامل ہیں۔  نئے مالی سال کے آغاز سے صوبائی حکومت کے تمام سرکاری محکمے ٹھیکوں اور خریداری کے سارے معاملات ای پروکیورمنٹ سسٹم کے تحت انجام دینے کے پابند ہونگے جس کے بعد ای پروکیورمنٹ سسٹم کو صوبائی حکومت کے خود مختار اداروں تک بھی توسیع دی جائے گی۔  سرکاری ٹھیکوں اور خریداری کے عمل میں زیادہ سے زیادہ شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے ای پروکیورمنٹ سسٹم کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ اس نظام کے ذریعے سرکاری ٹھیکوں اور خریداری کے عمل میں بدعنوانی کے راستوں کو بند کرنے میں بہت زیادہ مدد ملے گی۔  نئے ای پروکیورمنٹ سسٹم کی خصوصیات کے بارے میں اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اس سسٹم کے تحت تمام قسم اور نوعیت کے پروکیورمنٹس اور پروکیورمنٹ کے تمام مراحل کا احاطہ کیا گیا ہے جن میں کنٹریکٹرز، سپلائیرز اور کنسلٹنٹس کے لئے آن لائن رجسٹریشن اور ڈیش بورڈ کی سہولت، پروکیورمنٹ کمیٹیوں کی تشکیل، آن لائن بڈ ڈیٹا شیٹ کی تیاری، بڈنگ ڈاکومنٹس کی آن لائن دستیابی، آن لائن بڈز ایوالویشن، ٹیکنیکل اور فنانشل بڈز آن لائن جمع کرانے کی سہولت، آن لائن سکیورٹی جمع کرنے کی سہولت، کامیاب بولی دہندگان کو آن لائن کنٹریکٹ ایوارڈ کرنے کی سہولت، آن لائن شکایات کے اندراج کی سہولت اور دیگر شامل ہیں۔  بعدازاں ای پروکیورمنٹ سسٹم کے بارے میں میڈیا کو ربریفنگ دیتے ہوئے وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے بتایا کہ سرکاری محکموں میں شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق اور وزیراعلیٰ محمود خان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ای پروکیورمنٹ سسٹم کا اجراء کیا جارہا ہے جو سرکاری ٹھیکوں اور خریداری کے عمل میں شروع سے لیکر آخر تک ایک خود کار نظام کے تحت کام کرے گااور یہ سسٹم صوبے میں تمام پبلک پروکیورمنٹ کے لئے استعمال کیا جائے گا۔  انہوں نے بتایا کہ ای پروکیورمنٹ سسٹم کے تحت خریداری کے سارے عمل کو کاغذوں اور فائلوں سے ڈیجیٹل سسٹم پر منتقل کیا جائے گا اور اس میں انسانی مداخلت کو ممکنہ حد تک ختم کردیا جائے گا۔  محمد علی سیف نے مزید بتایا کہ اس نئے سسٹم سے تمام پبلک پروکیورمنٹس میں شفافیت آئے گی، جعلی سکیورٹی ڈپازٹس اور دستاویزات میں رد و بدل کا کوئی خدشہ نہیں رہے گا اور تمام بولیوں کی پہلے سے متعین معیار کے مطابق خود کار طریقے سے جانچ پڑتا ل ہوگی۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button