تازہ ترین

خیبرپختونخواہ حکومت کا سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں مزید اضافہ کرنے کا فیصلہ

پشاور (  آواز چترال) خیبرپختونخواہ حکومت کا سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں مزید اضافہ کرنے کا فیصلہ، تحریک انصاف کی صوبائی حکومت پہلے ہی ملازمین کی تنخواہوں میں 37 فیصد اضافہ کر چکی، اب 15فیصد ڈسپیریٹی ریڈکشن الاونس بھی ملے گا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی خیبرپختونخواہ حکومت نے وفاقی حکومت کی طرز پر صوبائی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں ڈسپیریٹی ریڈکشن الاونس کی مد میں اضافہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ صوبائی وزیر خزانہ تیمور جھگڑا کے مطابق صوبے کے سرکاری ملازمین کو 15فیصد ڈسپیریٹی ریڈکشن الاونس دیا جائے گا، وزیر اعلیٰ اس حوالے سے جلد سمری کی منظوری دیں گے۔ صوبائی وزیر خزانہ کے مطابق ہماری حکومت نے پچھلے سال بھی تنخواہوں میں 37 فیصد کا ریکارڈ اضافہ کیا تھا، جبکہ 15فیصد ڈسپیریٹی ریڈکشن الاونس ان سرکاری ملازمین کی تنخواہوں پر لاگو ہوگا جو پہلے سے اس طرح کا کوئی الاونس نہیں لے رہے۔ یہاں واضح رہے کہ وفاقی حکومت یکم مارچ سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا نوٹیفیکیشن جاری کر چکی۔ 23 فروری کو وزارت خزانہ نے گریڈ 1 سے 19 تک کے ملازمین کیلئے 15 فیصد ڈسپیرٹی الاونس کی منظوری دیتے ہوئے نوٹیفیکیشن بھی جاری کیا۔ وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق سرکاری ملازمین کو تنخواہوں میں 15 فیصد ڈسپیرٹی الاونس کی ادائیگی کے فیصلے کا اطلاق یکم مارچ سے ہو گا۔ وزارت خزانہ نے وضاحت کی کہ گریڈ 1 سے 19 تک کے وہ ملازمین جو پہلے سے ہی 100 فیصد یا اس سے زائد ڈسپیرٹی الاونس وصول کر رہے ہیں، ان ملازمین پر حالیہ فیصلے کا اطلاق نہیں ہو گا۔ یاد رہے وفاقی حکومت کی جانب سے رواں مالی سال کا بجٹ پیش کرنے کے بعد موقع پر بھی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا تھا۔ وفاقی حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین اور پنشنرز کیلئے رواں مالی سال کے بجٹ میں 10 فیصد اضافے کا اعلان کیا گیا تھا۔ جبکہ رواں مالی سال کے دوران سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں دوسری مرتبہ اضافہ کرنے کا اعلان کیا گیا۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button