تازہ ترین

پرویزمشرف کیخلاف کرپشن انکوائری نہ ہونے پر چیئرمین نیب کو توہین عدالت کا نوٹس جاری

اسلام آباد (  آواز چترال ) سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف کرپشن انکوائری نہ ہونے پر چیئرمین نیب کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا گیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق صدر پرویزمشرف کیخلاف کرپشن انکوائری کے معاملے پر چیئرمین نیب کیخلاف توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا گیا ، اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف انکوائری نہ ہونے پر چیئرمین نیب کے خلاف توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا ، جس میں چیئرمین نیب جاوید اقبال سے 14 فروری تک جواب طلب کیا گیا ۔ بتایا گیا ہے کہ چیف جسٹس اطہرمن اللہ اور جسٹس اعجاز اسحاق نے کیس کی سماعت کی ، جہاں وکیل درخواست گزار نے کہا کہ پرویزمشرف کا ایک اکاؤنٹ 20 لاکھ ڈالر کا تھا ، سابق صدر نے اربوں روپے کی زمین خود حاصل کی جب کہ عدالت نے نیب آرڈیننس کے تحت کارروائی کا آرڈر کیا تھا لیکن عدالتی حکم کے باوجود نیب مشرف کے خلاف کارروائی نہیں کر رہا ، اس لیے عدالتی حکم عدولی پر توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔   اس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے استفسار کرتے ہوئے کہا کہ کیا اس عدالت کا فیصلہ چیلنج ہوا ہے؟ جس پر وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ فیصلہ چیلنج نہیں ہوا بلکہ حتمی صورت اختیار کر گیا ہے۔ خیال رہے کہ اس سے پہلے چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی رانا تنویر حسین نے چیئرمین نیب جاوید اقبال کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا عندیہ دے چکے ہیں ، رانا تنویر حسین نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین نیب پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو لکھے خط سے دستبردار ہوئے ، اور کہا کہ وزیراعظم کا نام غلطی سے گیا، خط چیئرمین کے علم سے جاری ہوا ہے تو ان کے خلاف ریفرنس دائر ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کے لئے کمیٹی سے اجازت لینی ہے ، خط لکھ کر کمیٹی کو مسلط کرنے کی کوشش کی گئی ، پی اے سی کو وزیراعظم کے نام پر لکھے گئے خط کی انکوائری کر رہے ہیں ، وزیراعظم کا دفتر ملوث ہے تو ان سے پوچھا جائے گا اور ذمہ داری کا تعین کرکے کارووائی کی جائے گی ، تفصیل آنے کے بعد ہم وزیراعظم اور چیئرمین نیب کو خط لکھیں گے ، چیئرمین نیب کو کمیٹی کے سامنے آنا پڑے گا ان کے پاس کوئی دوسرا آپشن نہیں ہے۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button