تازہ ترینصحت

بریسٹ کینسر تشخیص کیلئے سرکاری سطح پر صرف 4 مشینیں اور 26 ڈاکٹرز

 پشاور( آواز چترال ) محکمہ صحت کی جانب سے سپریم کورٹ آف پاکستان میں بریسٹ کینسر کے علاج کی سہولیات سے متعلق ازخود نوٹس پر فاضل عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوامیں بریسٹ کینسر کی تشخیص کیلئے صرف 13میموگرافی مشینیں ہیں ان میں سے سرکاری سطح پرصرف 4 مشینیں ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد،لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور،خیبرٹیچنگ ہسپتال پشاور اورحیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور میں نصب ہیں ،چار مشینیں اٹامک انرجی کمیشن کے تحت کینسرکے علاج کے ہسپتالوں میں اور پانچ میموگرافی مشینیں نجی سطح کے بڑے ہسپتالوں میں موجود ہیں یہ نجی ہسپتال بھی زیادہ ترپشاورمیں ہیں اور دیگر اضلاع میں میموگرافی کی سہولت موجودنہیں ذرائع نے بتایا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس کی ہدایت پر ہیلتھ کیئر کمیشن کی جانب سے اس بارے میں سروے کیا گیا اور بریسٹ کینسر کی تشخیص سے متعلق نجی اور سرکاری ہسپتالوں سے مشینری اور سہولیات پر مبنی اعدادوشمارجمع کئے گئے ۔ رپورٹ کے مطابق صوبے میں صرف 26 ڈاکٹرز بریسٹ کینسر کی تشخیص کررہے ہیں اور ان میں سے بھی صرف 14 خواتین ڈاکٹرز ہیں ان اعدادوشمار پر فاضل عدالت نے سخت ریمارکس کے ساتھ محکمہ صحت کو اس سلسلے میں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات تجویز کرنے کاہدف دیا تھاذرائع نے بتایا کہ عدالتی حکم پر صوبے کے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں بریسٹ کینسر کی تشخیص اور علاج کیلئے میموگرافی مشینیں نصب اور ڈاکٹرز تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے فوری طورپر 30 مشینیں خریدنے کے ساتھ 4 مکمل حب بھی خریدے جائیں گے جس میں میموگرافی مشینوں کے ساتھ ساتھ دیگرطبی آلات بھی نصب ہوں گے اس بارے میں پلاننگ کمیشن ون تجویز کردیا گیا ہے جس میں اس حوالے سے فنڈز آئندہ مالی سال کے بجٹ میں شامل کرنے کا تخمینہ لگایا جائے گا ذرائع نے بتایا کہ بریسٹ کینسر کا تمام ترعلاج مفت ہے لیکن تشخیصی سہولیات کی وجہ سے اکثر اوقات مریض کو یہ مرض بالکل آخری یا درمیانے سٹیج میں تشخیص ہورہا ہے جس کی وجہ سے خیبر پختونخوا میں سالانہ سینکڑوں کی تعداد میں خواتین اس قابل علاج مرض کی وجہ سے جاں بحق ہورہی ہیں مقامی سطح کے ہسپتالوں میں تشخیصی سہولیات کے باعث دوردراز کے علاقوں کی خواتین کو اپنے متعلقہ اضلاع میں بریسٹ کینسر کی تشخیص کی مفت سہولت حاصل ہوجائے گا

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button