تازہ ترین

بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ جیت کر دکھائیں گے، وزیراعلیٰ

پشاور( آواز چترال ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ ہماری مشترکہ منزل ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان ہے اور اس مقصد کے لئے عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں۔  ہم سب ایک پیج پر ہیں،ہمارا لیڈر، ہمارا نعرہ اور ہماری منزل ایک ہے۔ کارکنان اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں، ہماری کامیابی یقینی ہے۔ ہمیں اپنے ذاتی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر اتفاق کا مظاہرہ کرنا ہے۔ جمہوری عمل میں کارکنان کی رائے بڑی اہمیت کی حامل ہے اور اس کو ہم بھی اہمیت دیتے ہیں اور ورکرز کے مشورے اور تعاون سے آگے بڑھیں گے۔  ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں پارٹی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔  وفاقی وزراء پرویز خٹک، اعظم خان سواتی، عمر ایوب کے علاوہ صوبائی کابینہ اراکین شوکت یوسفزئی، سید احمد حسین شاہ، رکن قومی اسمبلی صالح محمد خان، پی ٹی آئی کے مقامی رہنما بابر سلیم سواتی، اجمل خان سواتی اور دیگرنے بھی کنونشن میں شرکت کی۔  وزیراعلیٰ نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ باہمی اتفاق و اتحاد سے صوبے میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ جیت کر دکھانا ہے۔  ان انتخابات کے پہلے مرحلے میں جو غلطیاں ہوئی ہیں دوسرے مرحلے میں وہ نہیں دہرائیں گے اور جو غلطیاں ہوئی ہیں ان سے سیکھیں گے۔کوئی وزیر اعلیٰ،کوئی وزیر نہیں، ہم سب عمران خان کے سپاہی ہیں اور ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔  ہم سب نے مل کر عمران خان اور پارٹی کو مضبوط کرنا ہے، عمران خان مضبوط ہوگا تو ملک مضبوط ہوگا۔عمران خان انتخابات کا نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے مستقبل کا سوچتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ آج بطور چیف ایگزیکٹیو نہیں بلکہ ایک عام ورکر کی حیثیت سے اس پروگرام میں شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مانسہرہ میں میگا واٹر سپلائی اسکیم آخری مراحل میں ہے جس کا بہت جلد افتتاح کیا جائیگا۔ اس کے علاوہ ضلع میں واٹر سپلائی اور نکاسئی آب کی مختلف اسکیموں پر کام جاری ہے۔  وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ مانسہرہ میں میڈیکل کالج کے قیام کا منصوبہ بھی آخری مراحل میں ہے اس کے علاوہ داتا بائی پاس روڈ پر بھی پیشرفت جاری ہے۔ محمود خان نے کہا کہ بفہ کو تحصیل کا درجہ دینے کااعلامیہ جلد جاری کیا جائیگا۔  وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈویژن ہیڈکوارٹر ایبٹ آباد کے لئے 20 ارب روپے کا ترقیاتی پیکج لارہے ہیں اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ایبٹ آباد کے لئے ایک ارب روپے منظور کئے گئے ہیں اورمنصوبے پر بہت جلد عملی کام کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دھم توڑ بائی پاس روڈ بھی بہت جلد مکمل کیا جائیگا۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button