تازہ ترین

وزیراعظم نے میانوالی کے لیے 35 ارب 92 کروڑ روپے سے زائد کے 23 منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا،

اسلام آباد ( آوازچترال) وزیر اعظم عمران خان نے میانوالی کیلئے ترقیاتی پیکج کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے دورہ میانوالی کے دوران جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہوا، اس کے باوجود پاکستان اب بھی دنیا کا سستا ترین ملک ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میانوالی کے کارکنوں کا خاص طور پر شکریہ ادا کرتا ہوں، میانوالی کے لوگوں کی وجہ سے آج وزیراعظم ہوں، میانوالی میں 5 سال کے دوران ریکارڈ ترقی ہوگی، آپ میرے ساتھ اس وقت چلے جب کوئی نہیں تھا، میانوالی کے لوگوں کی خدمت کر کے احسان کا بدلہ چکاؤں گا۔ اس وقت مشکل صورتحال ہے تاہم 3 سے 4 ماہ میں مہنگائی ختم ہو گی۔   کم آمدنی والوں کو آٹا، گھی اور دالوں پر 30 فیصد سبسڈی دیں گے۔ وزیر اعظم عمران خان کو میانوالی پہنچنے کے بعد مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی گئی، اس موقع پر ان کے ہمراہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم نے بلکسر میانوالی روڈ کا سنگ بنیاد رکھا۔ وزیر اعظم عمران خان نے میانوالی کے لیے 35 ارب 92 کروڑ روپے سے زائد کے 23 منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ جس میں صحت، تعلیم اور شاہراہوں کے منصوبے شامل ہیں۔ منصوبوں میں کالا باغ سے شکر درہ تک سڑک کی اپگریڈیشن شامل ہے۔ میانوالی پہنچنے پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔وزیراعظم عمران خان نے مظفرگڑھ تک دورویہ سٹر ک کا افتتاح بھی کیا۔ اس شاہراہ کی تعمیر 19ارب 62کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔میانوالی شہر میں 5کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے سٹی پارک کا بھی افتتاح کیا گیا۔ وزیراعظم نمل یونیورسٹی میانوالی کا دورہ بھی کریں گے جہاں وہ طلبہ سے ملاقات اور خطاب بھی کریں گے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم نے جمعہ کو کراچی میں گرین لاین بس منصوبے کا افتتاح کیا تھا۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button