تازہ ترین

وزیر اعظم کل پشاور میں ‘نیا پاکستان کارڈ’ کا افتتاح کریں گے۔ بیرسٹر محمد علی سیف

پشاور ( آوازچترال) معاون خصوصی اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کل پشاور میں نیا پاکستان کارڈ کا افتتاح کریں گے۔ پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد علی سیف کا کہنا تھا کہ یہ حکومت کا اسلامی فلاحی ریاست کی جانب ایک اور اہم قدم ہے، اس ایک کارڈ سے حکومت کی جانب سے شروع تمام عوامی فلاحی پروگرامز استعمال ہوں سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ احساس راشن پروگرام، کسان کارڈ، صحت کارڈ پلس سب اس میں شامل ہوں گے، ہر خاندان شہری کا اپنا مخصوص کیو آر کوڈ ہو گا جس کے ذریعے وہ متعلقہ پروگرام سے مستفید ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ احساس راشن پروگرام کی کل لاگت 120 ارب ہے، اس پروگرام کا سب سے پہلے صوبہ خیبر پختونخوا سے آغاز ہو رہا ہے، اس پروگرام کے تحت 2 کروڑ خاندان اور تقریباً 13 کروڑ افراد مستفید ہوں گے۔ بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا کہ ملک کی کل آبادی کا تقریباً 53 فیصد بنتی ہے، جن شہریوں کی ماہانہ آمدن 50 ہزار سے کم ہے وہی اس پروگرام کے اہل ہوں گے، اہل صارفین کو کل خریداری کا 30 فیصد رعایت ملے گی، آٹا، گھی یا تیل اور دالوں پر اہل صارفین کو رعایت ملے گی۔    معاون خصوصی اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے مزید کہا کہ اسٹور مالکان بھی اس پروگرام میں رجسٹر ہو سکتے ہیں، صحت کارڈ کا اجراء بھی خیبر پختونخوا سے ہوا اب نیا پاکستان کارڈ کا آغاز بھی یہاں سے ہو رہا ہے، وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست کی جانب گامزن ہیں۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button