تازہ ترین

بلدیاتی انتخابات بارے خیبرپختونخوا حکومت کی بعض تجاویز مسترد

اسلام آباد (نمائندہ آوازچترال )  الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا حکومت کی بعض تجاویز مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ الیکشن کمیشن  مارچ 2022تک  تمام مراحل کے بلدیاتی انتخابات کا انعقاد مکمل کرنا چاہتا ہے۔  الیکشن کمیشن انتخابات کے انعقاد کے لئے مکمل طور پر تیا ر ہے اور صوبائی حکومت دوسرے مرحلہ کے انتخابات کی تفصیلات  ایک ہفتے میں مہیا کرے۔ جمعرات کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن کااجلاس ہوا جس کی صدارت  چیف الیکشن کمشنر سکندر  سلطان راجہ نے کی اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ الیکشن کمیشن کے سینئر  افسران شریک ہوئے۔  الیکشن کمیشن کو بریف کیا گیا کہ 21ستمبر 2021کو  صوبہ خیبر پختونخوامیں لوکل گورنمنٹ الیکشن  کے انعقاد سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی تھی جس میں صوبائی حکومت نے کہا تھا کہ وہ صوبے میں مرحلہ وار الیکشن کا انعقاد چاہتی ہے جس پر الیکشن کمیشن نے انہیں ہدایت دی تھی کہ الیکشن کمیشن کے تحریری حکم کا انتظار کئے بغیر الیکشن کمیشن کو پہلے مرحلے میں شامل اضلاع اور دیگر مرحلوں میں شامل اضلاع کی تفصیل دی جائے  تاکہ پہلے مرحلہ  کے انتخابات کا انعقاد دسمبر 2021میں کیا جائے لیکن صوبائی حکومت  کی طرف سے کوئی جواب موصول نہیں ہواجس پر آج کا اجلاس طلب کیا گیا۔  اجلاس میں  صوبائی حکومت خیبر پختونخوا کی طرف سے صوبائی وزیر خوراک  محمد عاطف خان، چیف سیکرٹری  ڈاکٹر کاظم نیاز، ایڈوکیٹ جنرل  اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پیش ہوئے۔  انہوں نے موقف اختیار کیا کہ صوبائی حکومت ویلج کونسلوں / نیبر ہوڈ  کونسلوں  کے لئے پہلے مرحلے کے انتخابات دسمبر 2021میں کروانا چاہتی ہے۔ جبکہ دوسرے مرحلے میں انتخابات مئی 2022میں کروانا چاہتی ہے اور اس کے بعد تحصیل کونسلوں  کے انتخابات کے لئے مشاورت کی جائے گی۔  الیکشن کمیشن نے ان کی تجویزسے اتفاق نہیں کیا  البتہ الیکشن کمیشن نے اس بات سے اتفاق کیا کہ پہلے مرحلے میں  انتخابات دسمبر 2021میں ہوں گے لیکن تحصیل کونسلوں  کے انتخابا ت بھی ساتھ ہونگے تاکہ جن اضلاع میں  الیکشن  کاانعقاد ہو تو ان کی تمام لوکل گورنمنٹس فنکشنل ہوں اور  اس اقدام  سے اخر اجات بھی کم ہوں گے۔مزید  الیکشن کمیشن  مارچ 2022 میں تمام مراحل کے  انتخابات مکمل کرنا چاہتا ہے۔  الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ  اس اجلاس کے بعد الیکشن کمیشن پہلے مرحلہ کی تاریخ کا حکم جاری کرے گا۔آج مشاورت کا عمل مکمل ہو چکا ہے صوبائی حکومت کے نمائندوں نے  ایک ہفتے کی مہلت مانگی  تاکہ وہ اپنا فیڈ بیک  دے سکیں۔  اس پر واضح کیا گیا کہ الیکشن کمیشن انتخابات کے انعقاد کے لئے مکمل طور پر تیا ر ہے اور صوبائی  حکومت دوسرے مرحلہ کی  تفصیلات  ایک ہفتے میں مہیا کرے۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button