تازہ ترین

وزیر اعظم نے ملک بھر کیلئے احساس تعلیمی وظائف کا اجرا کردیا

اسلام آباد ( آوازچترال) وزیر اعظم عمران خان نے ملک بھر کیلئے احساس تعلیمی وظائف کا اجرا کردیا۔ نئے پروجیکٹ کے تحت ملک بھر میں کم آمدنی والے گھرانوں کے4 سال سے 22سال تک عمر کے بچے وظیفے کے مستحق ہوں گے۔ اسلام آباد میں احساس پروگرام کے تحت مستحق طلبا کے لئے وظائف کے اجرا کی تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کا سب سے بڑا سرمایہ اس کے لوگ ہوتے ہیں، اپنے سرمایہ کو تعلیم نہیں دیں گے تو یہ سب سے بڑاظلم ہوتاہے ، بچوں،بچیوں کو تعلیم کےزیورسے آراستہ کرنا ریاستی ذمہ داری ہے، بچوں کیلئےتعلیمی وظیفہ ڈیڑھ ہزار اور بچیوں کیلئے 2ہزاردیئےجارہےہیں، حکومت کی کوشش ہےغریب گھر کے بچوں کو تعلیم فراہم کرے، میں خاص طور پر سراہتا ہوں کہ ہمیں لڑکیوں کو اسکولز آنے کی ترغیب دینی چاہیے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کی آبادی کا ایک بہت بڑا حصہ تعلیم سے محروم رہ گیا ہے، ایک تعلیم یافتہ خاتون، ایک مرد سے زیادہ معاشرے کو فائدہ پہنچاتی ہے کیوں کہ وہ اپنے بچوں کو تعلیم دیتی ہے، وہ گھر کا نظام بدل دیتی ہے اور گھر میں بچوں کی صحت اور بہتر دیکھ بھال کا معاشرے پر بہت اثر پڑتا ہے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مغربی ممالک میں یہ تاثر ہے کہ گویا ہم اپنی بچیوں کو پڑھانا نہیں چاہتے ایسا بالکل نہیں ہے، ایسا کوئی علاقہ نہیں جہاں والدین اپنی بیٹیوں کو تعلیم نہ دلوانا چاہیں لیکن کئی جگہ تعلیم کے حصول میں مختلف مسائل حائل ہوتے ہیں، کئی مرتبہ اسکولز دور ہوتے ہیں یا اسکولوں میں اساتذہ ہی نہیں ہوتے، احساس پروگرام میں لڑکیوں کو زیادہ مراعات دی گئی ہیں، لڑکوں کے لیے تعلیمی وظیفہ ڈیڑھ ہزار روپے جبکہ لڑکیوں کے لیے 2 ہزار روپے ہے۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button