تازہ ترین

الخدمت سکول قتیبہ دنین میں جے آئی یوتھ (خواتین) کنونشن کا انعقاد

چترال( نمائندہ آوازچترال) الخدمت سکول قتیبہ دنین میں جے آئی یوتھ (خواتین) کنونشن کا انعقادکیا گیا۔ پروفیسر محمد ابراہیم خان نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان نے خصوصی طور پر شرکت کی اور خطاب کیا۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک اور حمدو نعت سے ہوا۔ صوبائی و ضلعی قائدین کے علاوہ جماعت اسلامی ضلع چترال کے مختلف شعبوں کی نگران خواتین، جامعات المحصانات و ذیلی جامعات کی ذمہ داران اور طالبات کے علاوہ کالجز اور یونیورسٹی کی طالبات نے بھر پور شرکت کی۔ مہمان خصوصی کے علاؤہ جے آئی یوتھ کی صوبائی ناظمہ اور ضلعی ناظمہ نے اپنے خطبات میں نوجوانوں کو قوم کا اصل سرمایہ و اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ شاعر مشرق علامہ محمد اقبال نے جوانوں کو شاہین سے اس لیے تشبیہ دی ہے کہ شاہین کی نگاہ اور حوصلہ بلند، عزم مصمم، نظر تیز، پر مضبوط اور پنجے مستحکم ہوتے ہیں، جوان اگر منظم ہو کر سعی کریں تو کوئی مشکل ان کے راستے میں رکاوٹ نہیں ڈال سکتی۔ پروگرام کے دوران شاعر مشرق کی نظم ” کبھی اے نوجوان مسلم تدبر بھی کیا تونے ” پر ایون جامعہ کی چھوٹی چھوٹی بچیوں نے خوبصورت انداز میں ٹیبلو پیش کی۔ پروگرام میں یوتھ کی صوبائی ناظمہ کی طرف سے کیے گئیے سوالوں کے درست جوابات دیکر بچیوں نے انعامات بھی جیت لیے۔ پروگرام کا اختتام ملک کی سالمیت اور اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کی دعا کے ساتھ ہوا۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button