تازہ ترینصحت

حکومت نےشہریوں کو کورونا ویکسینیشن کیلئے ڈیڈ لائن دیدی

لاہور( آوازچترال) حکومت نےملک کے تمام شہریوں کو کورونا ویکسی نیشن کروانے کے لیے  31 اگست تک کی ڈیڈ لائن دیدی ہے۔ معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ کئی لوگ اب بھی کورونا کو سنجیدہ نہیں سمجھ رہے، سندھ حکومت کورونا کے پھیلاؤ کوروکنے کیلئے اقدامات کو دیکھ رہی ہے، لیکن شہروں کو ہفتوں بند کرنا یا مکمل لاک ڈاؤن مسئلے کا حل نہیں ہے، مکمل لاک ڈاون کے بعد کورونا وبا بہت تیزی سے پھیلتی ہے۔ سربراہ این سی اوسی اسد عمر کا کہنا تھا کہ شہر بند کرنا اس وبا کا علاج نہیں، ایس اوپیز پر عمل درآمد سے ہی کورونا کو کنٹرول کیا جاسکتاہے، سندھ اور بلوچستان میں ایس اوپیز پرعملدرآمد سب سے کم نظر آتا ہے، کورونا روکنے کے لئے سندھ حکومت سے ہر ممکن تعاون کریں گے، اگر وہ ایس او پیز پر عملدرآمد کے لئے فورسز کی مدد چاہتے ہیں تو ہم فوج سمیت تمام فورسز دینے کے لئے تیار ہیں۔ اسد عمر کا کہنا تھا کہ کورونا ویکسینیشن موجودہ حالات سے نکلنے کا واحد حل ہے، اور یہ خوش آئند بات ہے کہ لوگ ویکسینیشن کرارہے ہیں، گزشتہ روز ساڑھے آٹھ لاکھ سے زائد افراد کی ویکسینیشن ہوئی جو نیا ریکارڈ ہے، صرف پنجاب میں پانچ لاکھ سے زائد ویکسین لگائی گئی، اسی طرح دیگر صوبوں میں بھی ویکسینیشن میں خاطرخواہ اضافہ ہوا ہے، دس لاکھ ویکسی نیشن روزانہ کو کراس کرنا ہمارا ہدف ہے۔ اسد عمر نے کہا کہ یکم اگست سے ہوائی سفر کرنے والوں کے لئے کورونا ویکسین لازمی قرار دے دی گئی ہے اور اس حوالے سے پہلے بتایا جاچکا ہے، لیکن اب 31 اگست تک 18 سال سے زائد عمر کے افراد کے لئے کورونا ویکسینیشن لازمی ہوگی، 31 اگست تک ویکسین نا لگوانے والوں کے لیے مزید سختیاں کرنے جا رہے ہیں۔ اسد عمر کا کہنا تھا کہ وہ اساتذہ جنہوں نے کورونا ویکسین نہیں لگوائی وہ 31 جولائی تک ویکسینیشن کرالیں ورنہ اسے کے بعد وہ اسکولوں میں نہیں  جا سکیں گے، کیوں کہ ہم بچوں کی صحت خطرے میں نہیں ڈال سکتے۔ سربراہ این سی او سی کا کہنا تھا کہ 31 اگست تک ویکسی نیشن نا کرانے والوں کے کام کرنے پر پابندی ہو گی، ویکسین نا لگوانے والے 31 اگست کے بعد ہوٹلز، ریسٹورنٹس، میرج ہالز میں کام نہیں کر سکیں گے، بس اڈوں اور عوامی مقامات پر کام کرنے والوں کے لیے بھی ویکسین لگوانے کی آخری تاریخ 31 اگست ہے۔ معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ کراچی میں کیسز بڑھنے سے اسپتالوں پر دباؤ بڑھ گیا ہے، کراچی میں وبا کا پھیلاؤ تیزی سے نظر آ رہا ہے۔   ڈاکٹرفیصل سلطان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کیسزکی شرح میں اضافہ ہوا ہے، ملک بھرمیں کورونامثبت کیسزکی شرح7.5 فیصد ہے، تشویشناک مریضوں کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button