تازہ ترین

چینی کمپنی نے داسو ڈیم پر کام روک دیا، ملازمین فارغ

اسلام آباد ( آوازچترال) داسو ڈیم پر کام کرنے والی چینی کمپنی چائنا گیزوبا کی جانب سے حکومت پاکستان کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ 14 جولائی کو پیش آنے والے واقعے کے باعث کام  نہیں کر سکتے۔ خط میں لکھا گیا ہے کہ کمپنی نے تمام مقامی ملازمین کو فارغ کرکے ان کے ساتھ معاہدہ بھی ختم کردیا ہے، تاہم تمام ملازمین کو گریجویٹی اور تنخواہ ادا کی جائے گی۔ داسو ڈیم کے پراجیکٹ ڈائریکٹر انوارالحق نے بھی چینی کمپنی کی جانب سے لکھے گئے خط کی تصدیق کر دی ہے۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر انوارالحق نے کہا کہ جوں ہی سکیورٹی کے معاملا ت درست ہوں گے تو ڈیم پر کام دوبارہ شروع ہو  جائے گا۔ علاوہ ازیں داسو واقعے کی تحقیقات کیلئے چینی تحقیقاتی ٹیم داسو پہنچ گئی۔ تحقیقاتی ٹیم آٹھ افراد پر مشتمل ہے جسے چار ہیلی کاپٹرز کے ذریعے داسو پہنچایا گیا جہاں سے وہ براستہ شاہرہ قراقرم جائے وقوعہ پہنچی۔ تحقیقاتی ٹیم کے ساتھ چینی سفیر اور متاثرہ کمپنی کے سی ای او بھی موجود ہیں۔ خیال رہے کہ 14 جولائی کو اپرکوہستان میں پیش آنے والے واقعے میں 9 چینی باشندوں سمیت 12 افراد جاں بحق ہوئے تھے، وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے واقعے میں دھماکا خیز مواد کی موجودگی کی تصدیق کی تھی۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button