تازہ ترینکاروبار

خام تیل کی عالمی مارکیٹ کریش کر گئی، فی بیرل قیمت تاریخ میں پہلی مرتبہ صفر ڈالر سے بھی نیچے چلی گئی

نیو یارک ( آوازچترال نیوز) خام تیل کی عالمی مارکیٹ کریش کر گئی، فی بیرل قیمت تاریخ میں پہلی مرتبہ صفر ڈالر سے بھی نیچے چلی گئی، امریکی خام تیل کی قیمت 100 فیصد سے بھی زائد نیچے گرنے کے بعد منفی 0.05 امریکی ڈالر کی سطح پر آگئی، تاریخ میں ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا۔ تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں تاریخ کی کم ترین سطح پر آگئی ہیں۔بتایا گیا ہے کہ امریکا میں کاروبار کے آغاز کے بعد خام تیل کی قیمت میں کمی ہونا شروع ہوئی اور قیمتیں 10 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آئیں۔ بعد ازاں یہ سلسلہ مزید چل نکلا اور پھر امریکی خام تیل کی فی بیرل قیمت میں 84 فیصد کمی ہوئی اور قیمت 2.96 امریکی ڈالر کی ناقابل یقین سطح پر آگئی۔ بعد ازاں امریکی خام تیل کی قیمت میں مزید کمی ہوئی اور یہ 94 فیصد کمی سے 1.12 امریکی ڈالر فی بیرل کی سطح پر آگئی۔   تاہم پھر اس کے بعد وہ ہوا جو خام تیل کی عالمی مارکیٹ کی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوا۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈبلیو ٹی آئی تیل کی قیمت میں 100 فیصد سے بھی زائد کمی ہوئی، اور یوں فی بیرل قیمت منفی 0.05 امریکی ڈالر کی سطح پر آگئی۔   بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب، روس کے درمیان تیل کی قیمتوں پر ہونے والی کشیدگی کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں زبردست کمی ہونے کا رجحان برقرار رہا جس نے اب خام تیل کی مارکیٹ کو کریش کر دیا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اب کسی بھی ملک کے پاس تیل ذخیرہ کرنے کی گنجائش باقی نہیں رہی، اسی باعث تیل کی طلب نہ ہونے کے برابر ہے، اور اسی وجہ سے قیمتوں میں تاریخی کمی ہوئی ہے۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button