تازہ ترین

کے پی کے حکومت نے بھی فواد چوہدری کے خلاف ’بغاوت ‘کردی ،آج عید منانے کا اعلان کردیا

اسلام آباد ( آوازچترال نیوز )خیبر پختونخواہ حکومت نے صوبے بھر سے شہادتیں موصول ہونے کے فیصلے کے تناظر میں اعلان کیا ہے کہ آج (منگل کے روز ) پورے خیبر پختونخوا میں سرکاری عید ہوگی۔واضح رہے کہ خیبر پختون خوا حکومت نے 28 روزوں کے بعد عید الفطر منانے کا اعلان کیا ہے ،خیبرپختون خوا حکومت نے مفتی منیب الرحمن کی سربراہی میں قائم وفاقی رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے کے مطابق رکھے روزے رکھے تھے  تاہم مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی قائم کردہ رویت ہلال کمیٹی کے مطابق منگل کے روز  عید الفطر کا اعلان کر دیا ہے۔  نجی نیوز چینل ’’دنیا نیوز‘‘ کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات خیبر پختون خوا  شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت منگل کے روز  صوبے بھر میں عوام کیساتھ اظہارِیکجہتی کیلیے  عید الفطر  منائے گی جبکہ وزیر اعلیٰ محمود خان اور گورنر شاہ فرمان  پشاور میں ہی عید منائیں گے ۔انہوں نے بتا یا کہ صوبے بھر سے شہادتیں موصول ہونے کے بعد یہ فیصلہ وزیراعلیٰ محمود خان نے خود کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وزیر اعلی کے مطابق چونکہ فاٹا کا انضمام ہو چکا ہے اور وہاں عید منائی جا رہی ہے اور صو بہ بھرسے کافی تعداد میں شہادتیں چکی ہیں اس لیے پورے صوبے کی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے صوبائی حکومت آج عید منائے گی اور  خیبر پختونخوا میں سرکاری طورپر عید ہوگی۔شوکت یوسف زئی کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کی خواہش تھی کہ پورےصوبہ میں ایک ساتھ عیدہو تاہم صوبائی حکومت کوبھی مختلف علاقوں سےشہادتیں موصول ہوئیں جبکہ مسجدقاسم علی خان کو بھی 122سےزائدشہادتیں موصول ہوئیں،بڑی تعداد میں شہادتیں موصول ہونے کے بعد خیبر پختون خوا حکومت نے منگل کے روز صوبے بھر میں عید الفطر منانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ واضح رہے کہ اس اعلان سے قبل وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ  پیر کو 3 بج کر 2 منٹ پر چاند کی پیدائش ہوچکی ہے لیکن دیکھا نہیں جاسکا کیونکہ چاند کی چمک اعشاریہ 1 فیصد تھی اور چاند اور سورج کے غروب ہونے کا وقت بھی ایک ہی تھا، منگل کو چاند 28 گھنٹے کا ہوگا اور صاف دکھائی دے گا،منگل کو کراچی اور گوادر کی ساحلی پٹی سے چاند دوربین کے بغیر بھی با آسانی دیکھا جاسکے گا۔اس سے پہلے مفتی پوپلزئی کی جانب سے خیبر پختون خوا میں منگل کے روز عید الفطر کے اعلان پر فواد چوہدری نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر ایک ٹی وی چینل کے ٹکرز کی تصویر شیئر کی جس میں یہ بتایا گیا ہے کہ بنوں میں عیدکا چاند نظر آنے کی 42 شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔ فواد چوہدری نے یہ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ’ کوئی اپنا نام چاند رکھ لے تو ہی ممکن ہے کہ آج چاند نظر آتا‘۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button