تازہ ترین

اساتذہ کی تربیت کیلئے قائم ادارہ ختم کرنیکا فیصلہ

پشاور ( آوازچترال رپورٹ) ۔خیبر پختونخوا حکومت نے اساتذہ کی تربیت کیلئے قائم ’’ریجنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیچرز ٹریننگ ‘‘ (رائٹ ) ختم کرنے کا اصولی فیصلہ کرتے ہوئے 19انسٹی ٹیوٹس میں 12کو ختم کرکے صرف 7کو ڈویژنل سطح پر قائم رکھنے کی تجاویز سے اتفاق کرلیا ہے ٗ اساتذہ کی تربیت پراونشل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیچرز ٹریننگ (پائٹ ) اور ڈویژنل سطح پر قائم رائٹ اداروں میں کی جائے گی رائٹ کالجوں کے 600سے زائد اساتذہ کا سکولوں میں تبادلوں کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ مشیر ابتدائی و ثانوی تعلیم ضیاء اللہ بنگش نے ’’آج ‘‘ کے رابطے پر بتایا کہ رائٹ کالجز عملاً غیر فعا ل تھے ان اداروں میں عرصہ دراز سے اساتذہ کی تربیت کا سلسلہ بھی منقطع تھا لہٰذا ان کالجوں کی تعداد کم کرکے انہیں ریجن کی سطح پر قائم رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے صوبے کے 7ڈویژنو ں میں یہ ادارے قائم رہیں گے انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں ویسے بھی اساتذہ کی کمی ہے۔ لہٰذا رائٹ میں تعینات 600سے زائد اساتذہ کے سکولوں میں تبادلوں کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا ہے واضح رہے کہ رائٹ کالجز صوبے کے 19اضلاع میں قائم ہیں جہاں پر اساتذہ کو تربیت دی جاتی تھی جبکہ صوبائی سطح پر پائٹ قائم کیا گیا تھا رائٹ کالجوں کو پہلے ایلمنٹری کالج اور ٹیچرز ٹریننگ سکول بھی کہا جاتا تھا بعدازاں رائٹ نام رکھا گیا ماہرین تعلیم نے مذکورہ فیصلے پرخدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہزاروں کی تعداد میں ان سروس اساتذہ کی تربیت پائٹ اور صرف 7ڈویژنل سطح پر قائم رائٹ میں نہیں ہو سکے گی ۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button