تازہ ترین

نئے سیاحتی مقامات پر کام شروع کرنے کا عندیہ

پشاو ر(آواز چترال نیوز)خیبر پختونخواکے سینئر وزیر برائے سیاحت،ثقافت،کھیل،آرکیالوجی وامور نوجوانان عاطف خان نے کہا ہے کہ نئے سیاحتی مقامات تک سڑکوں کی تعمیر پر جلد کام شروع کیا جائیگا۔اس سلسلے میں سینئر وزیر نے گزشتہ روز فرنٹئیر ورکس آرگنائزیشن خیبر پختونخواہ کے پراجیکٹ ڈائریکٹر کرنل اشفاق میتلا سے ملاقات بھی کی۔ملاقات میں سیاحتی مقامات تک سڑکوں کی تعمیر اور پہلے سے موجود سیاحتی مقامات تک سڑکوں کی بحالی پر تبادلہ خیال ہوا۔سینئر وزیر نے کہا کہ صوبے میں20 نئے سیاحتی مقامات کی نشاندہی ہوچکی ہے ۔
جسمیں پہلے سال 4 مقامات کو آباد کرکے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنائینگے نئے سیاحتی مقامات سیاحوں کے لئے تمام تر سہولیات سے آراستہ کریں گے۔اور اس سلسلے میں سڑکوں کی تعمیر اولین ترجیح ہے۔ اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر فرنٹئیر ورکس آرگنائزیشن خیبر پختونخوا کرنل اشفاق میتلا نے سینئر وزیر عاطف خان کو سوات موٹروے پر جاری کام کے حوالے سے بھی آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ موٹروے پر کام تیز ی سے جاری ہے اور رواں سال مئی تک ٹریفک کے لئے کھول دیا جائیگا۔

سینئر وزیر نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کے لئے سوات موٹروے کی بروقت تکمیل انتہائی ضروری ہے اور رواں سیزن تک ہر حال میں اسکی تکمیل ہونی چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ ہر سیزن میں لاکھوں کی تعداد میں سیاح سوات کا رخ کرتے ہیں اور سوات موٹروے کی تکمیل سے یہ تعداد دوگنی ہوجائیگی

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button