تازہ ترین

سندھ میں تبدیلی، وزیراعظم سے گورنر سندھ تک سب سرگرم

سندھ کی سیاست میں  تبدیلی کے لئے علی گوہر مہر اہمیت اختیار کرگئے،وزیراعظم سے گورنر سندھ تک سب ہی سرگرم ہوگئے، عمران خان نے مہر سردار کو ٹیلی فون کیا تو پی ٹی آئی رہنمائوں نے گھوٹکی میں ڈیرے ڈال لئے۔

سیاستدانوں کے بیانات کے بعد سندھ کی سیاست میں ہلچل مچ گئی،پی ٹی آئی نے سندھ حکومت کی تبدیلی کے لئے پرعزم اور سرگرم انداز میں کام تیز کردیا ہے۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل،وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی اور پی ٹی آئی سندھ کے رہنما حلیم عادل شیخ نے علی گوہر مہر سے ملاقاتیں کی ہیں۔

علی گوہر مہرنے پی ٹی آئی قیادت سے بات چیت چلنے اور سندھ کی سیاست میں تبدیلی کے عمل کی تصدیق کی اور کہا کہ بات چیت سے امید ہے بہتری آئی گی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اس حوالے سے خود بھی رابطہ کیا اور وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کو بھی اہم مشن سونپ دیا ہے،وہ کل کراچی پہنچیں گے،اتحادیوں اور ہم خیالوں سے ملاقاتیں کریں گے اور تبدیلی کےلئے درکار گنتی کو آگے بڑھانے کی کوشش کریں گے۔

ذرائع کے مطابق تاہم یہ تجسس اب تک برقرار ہے کہ پی ٹی آئی نے سندھ میں تبدیلی کےلئے کس کس سے رابطہ کیا اور کون کون ان سے رابطے میں ہے؟پی ٹی آئی کے رہنما حلیم عادل شیخ نے علی گوہر مہر سے ملاقات کی ۔

اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو میں حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پیپلز پارٹی ارکان کے اُن کی پارٹی والوں سے رابطے بڑھ رہے ہیں جلد خوشخبری ملے گی، سندھ اسمبلی میں تبدیلی کے لیے سارے آئینی آپشن استعمال کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فیڈریشن اورسندھ کے درمیان سردارعلی گوہر مہر پل کا کردار ادا کر رہے ہیں، انہیں یہ تو نہیں معلوم کہ پی پی میں فارورڈ بلاک بن رہا ہے یا بیک ورڈ، لیکن بلاک ضرور بن رہا ہے۔

علی گوہر مہر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ امید ہے بہتری ہوگی، اختلافات ایشوز پر ہوتا ہے دوستی تو سب سے ہے،یہی چاہتے ہیں کہ مسائل بہتر طریقے سے حل ہوں۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے گھوٹکی میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ نیب کا چیف ہم نے نہیں لگایا، ہم کوئی انتقامی کارروائی نہیں کررہے ہیں، ہم کسی کے خلاف سازش نہیں کررہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر 10 ارب یہاں پرخرچ ہوتے تو صورتحال مختلف ہوتی، سندھ حکومت کرپٹ لوگوں کو بچانے میں زیادہ دلچسپی رکھتی ہے

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button