تازہ ترین

جب تک حز ب اختلاف کی طرح حزب اقتدار کا احتساب نہیں ہوتا ، سوال اٹھتے رہیں گے ۔ قوم کا مطالبہ پورے احتساب کا ہے ادھورا احتساب زیادہ دیر نہیں چل سکے گا ۔ سینیٹر سراج الحق

لاہور(آوازچترال نیوز)امیر جماعت ا سلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ جب تک حز ب اختلاف کی طرح حزب اقتدار کا احتساب نہیں ہوتا ، سوال اٹھتے رہیں گے ۔ قوم کا مطالبہ پورے احتساب کا ہے ادھورا احتساب زیادہ دیر نہیں چل سکے گا ۔ حقیقی احتساب ہو گیا تو جیلیں کم پڑ جائیں گی ۔ حکمران کسی ہوم ورک اور وژن کے بغیر مسلط کر دیے گئے ہیں۔ شراب پر پابندی کے بل کی مخالفت کرنے والوں نے قرآن و سنت کی تعلیمات اور آئین پاکستان کی مخالفت کی ۔ چیف جسٹس صاحب سو موٹو ایکشن لے کر آئین کی دفعہ 62-63 کی روشنی میں ان کی رکنیت ختم کریں ۔ قرضوں ، زکوٰۃ اور خیرات پر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی ۔ ایسی امداد کا کیا فائدہ جسے خرچ کرنے کی اجازت نہیں ۔ نئے پاکستان میں بھی تعلیمی بحران موجود ہے۔ حکومت نے اسلامیات پڑھانے کے لیے غیر مسلم اساتذہ کی تعیناتی کا عندیہ دے کر اسلامی تعلیمات سے عدم واقفیت کا ثبوت دیا ہے ۔ سیاست اور پولنگ اسٹیشن آزاد ہوں اور الیکشن کمیشن اپنے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کروائے تو دینی جماعتوں کو اقتدار میں آنے سے کوئی قوت نہیں روک سکتی ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں نیشنل ایسوسی ایشن فار ایجوکیشن (نافع) کے زیراہتمام تعمیر سیرت کیمپ کے شرکاء سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔کیمپ سے ڈائریکٹر (نافع) ہدایت خان اور پنجاب کے ریجنل ڈائریکٹر شہباز شاہین نے بھی خطاب کیا ۔ کیمپ میں ملک بھر کے مختلف سکولوں کے سینکڑوں اساتذہ نے شرکت کی ۔ اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان قیصرشریف بھی موجود تھے ۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button