تازہ ترین

نجی اسکولوں نے گھٹنے ٹیک دیے، فیسوں میں 20 فیصد کمی پر تیار

لاہور: (  آوازچترال رپورٹ)سپریم کورٹ کے حکم پر ایف آئی اے کی طرف سے فرانزک آڈٹ شروع ہوتے ہی نجی اسکولوں کے مالکان نے گھٹنے ٹیک دیے اور فیسوں میں 20 فیصد تک کمی پر تیار ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے حکم پر ایف آئی اے نے لاہور میں تمام نجی اسکولوں کا فرانزک آڈٹ شروع کردیا اور ریکارڈ تحویل میں لینے سمیت ان اسکولوں کی انتظامیہ کے بیانات بھی قلم بند کیے۔

ابھی ایف آئی اے نے فیسوں کے حوالے سے فرانزک آڈٹ کا آغاز کیا ہی تھا کہ بیکن ہاؤس، ایل جی ایس، لوکاس رسورسز اکیڈمی ، روٹس انٹرنیشنل اسکول سسٹم سمیت متعدد بڑے نجی اسکولز کی انتظامیہ نے فوری طور پر فیسوں میں 20 فیصد تک کمی پر آمادگی کا اظہار کرتے ہوئے تحریری طور پر ایف آئی اے کو آگاہ کردیا ہے۔

بعض اسکولوں کی انتظامیہ نے والدین کو فیس کم کرنے کا خط بھی گھروں کو بھجوا دیا ہے۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق نجی اسکولوں کے بینک اکاؤنٹس سے لیکر طالب علموں اور اساتذہ کی تعداد اور ان کو دی جانے والی تنخواہوں اور دیگر مراعات کا سارا ریکارڈ تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ اس ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے بعد رپورٹ تیار کر کے سپریم کورٹ میں جمع کرائی جائے گی۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے بڑے نجی اسکولوں کو فیس میں 20 فیصد کمی کا حکم دیتے ہوئے سالانہ 8 فیصد سے زیادہ اضافہ پر پابندی لگادی اور 21 بڑے اسکولوں کے اکاؤنٹس تحویل میں لینے اور کھاتے ضبط کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ نجی اسکولز کو غیر ضروری منافع نہیں کمانے دیں گے۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button