تازہ ترین

شیلٹر ہومز فلاحی ریاست کے عزم کی تکمیل ہے ٗ شوکت یوسفزئی

پشاور۔ ( آوازچترال رپورٹ) عوام کی زندگی سہل اور ان کے لئے زندگی کے سہولیات مہیا کرنا پاکستان تحریک انصاف اور صوبائی حکومت کے ترجیحات میں شامل ہیں۔ ملک کو ریاست مدینہ کی طرز پر چلانے کے لئے اور وزیراعظم عمران خان کی فلاحی ریاست کے عزم کی تکمیل کے لئے صوبائی حکومت نے بے گھر افراد کے لئے پشاور میں 5 شیلٹر ھوم یعنی سرکاری مہمان خانے بنائے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر اطلاعات شوکت علی یوسفزئی نے شلٹر ہوم کے قیام کے حوالے سے کیا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ سرکاری مہمان خانوں میں کل 400 سے تقریبا ساڑھے چار سو افراد کے رہنے کے لیے گنجائش موجود ہے جس میں پجگی روڈ پر واقع سرکاری مہمان خانے میں 230 سے 250 جبکہ باقی چار مہمان خانوں میں 50 50- افراد کے رہائش کی گنجائش موجود ہے۔ پجگی روڈ پر واقع سرکاری مہمان خانہ میں فیملیز کیساتھ رات گزارنے کے لیے خصوصی اہتمام کیا گیا ہے جبکہ باقی مہمان خانوں میں فیملیز کے آنے کے بعد ان کو گاڑی کے ذریعے پجگی مہمان خانے میں لایا جائے گا۔
ان مہمان خانوں میں سہولیات کے بارے میں شوکت علی یوسفزئی نے کہا کہ مہمانوں کو رات کا کھانا اور ناشتہ بھی فراہم کیا جاتا ہے اس کے علاوہ سردیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کمروں میں ہیٹر اور واش رومز میں گرم پانی کا انتظام بھی موجود ہے جب کہ مسجد اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی کے لئے یو پی ایس کی سہولت کا بھی بندوبست کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری مہمان خانوں میں مہمانوں کو لانے کے لئے صوبائی حکومت کی طرف سے خصوصی بسیں چلائی جاتی ہیں جو مہمانوں کو شہر کے مختلف علاقوں سے اکٹھا کرکے لاتی ہیں اور صبح ناشتہ کرنے کے بعد اپنے کاموں پر چھوڑ آتی ہیں۔
ان سرکاری مہمان خانوں میں صحت کی سہولیات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پچگی شیلٹر ہوم میں مہمانوں کو صحت کی سہولت فراہم کرنے کے لئے ڈسپنسری بھی قائم کی گئی ہے جس میں ان کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی جاتی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ مسافروں کو سہولیات کی فراہمی اور ان کی نگہداشت کے لئے ان سرکاری مہمان خانوں میں ہر وقت وارڈن موجود رہتے ہیں۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button