تازہ ترین

ٹرانسپورٹرز غیر قانونی اڈوں کیخلاف سراپا احتجاج

پشاور (آوازچترال رپورٹ )۔پشاور کے ٹرانسپورٹروں نے غیر قانونی اڈوں اور پبلک ٹرانسپورٹ کیلئے استعمال ہونیوالی غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کیخلاف عدم کاروائی پر احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے اور اس سلسلے میں صوبائی حکومت کو چھ دن کی ڈیڈلائن دی ہے۔ جنرل بس سٹینڈ پشاور میں ٹرانسپورٹروں کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پبلک ٹرانسپورٹ اونر ایسوسی ایشن کے صدرخا ن زمان آفریدی ، متحدہ ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے صدر نور محمد اور مہمند ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے صدر محمد عالم مہمند و دیگر نے شرکت کی ۔
شرکاء نے کہاکہ پشاور کے ورسک روڈ، جی ٹی روڈ ، خیبر روڈ ، چارسدہ روڈ اور رنگ روڈ سمیت اندرون شہر میں محکمہ ٹرانسپورٹ اور ضلعی حکومت کی ملی بھگت سے غیر قانونی طور پر اڈے قائم کئے گئے ہیں جبکہ مذکورہ روٹس پر بغیر پرمٹ کی گاڑیاں بھی سواریاں بٹھاتی ہیں جس کا اثر قانونی ٹرانسپورٹروں پر پڑرہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ غیر قانونی اڈوں اورگاڑیوں سے رقم تو لی جاتی ہے لیکن وہ سرکاری خزانے میں جمع کرنے کی بجائے رقم مبینہ طور پر اپنی جیبوں میں مذکورہ محکموں کے اہلکار ڈالتے ہیں جبکہ بغیر پرمٹ چلنے والی گاڑیوں پر ٹریفک حکام بھی خاموش ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ قانونی اڈوں اوررجسٹرڈ پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں سے حکومت کو اربوں روپے سالانہ ٹیکسز جمع ہوتے ہیں لیکن ان کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جارہی ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اگر چھ دن میں ان کا مطالبہ تسلیم نہ کیاگیا تو ضلعی حکومت اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کیخلاف احتجاج کرکے خیبر پختونخوا اسمبلی کے سامنے دھرنا دینگے۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button