تازہ ترین

حکومت کےپاس 7 ووٹوں کی اکثریت ہے

رہنما پیپلزپارٹی خورشید شاہ نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اس کے پاس صرف 7 ووٹوں کی اکثریت ہے وہ آرڈیننس کے ذریعے معاملات چلانے سے گریز کرے،آرڈیننس کے ذریعے حکومت، آمریت کے دور میں چلائی جاتی ہے۔

خورشید شاہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعظم کے بیانات سے لگتا ہے، آمریت کے سائے منڈلا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی روایت پر عملدر آمد تک قائمہ کمیٹیوں کا حصہ نہیں بنے گی۔

خورشید شاہ نے حکومت کی 100 روزہ کارکردگی کو مرغی کے انڈے قرار دیا ہے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا ہے کہ ملکی مفاد میں قانون سازی کے لیے پیپلز پارٹی حکومت کی حمایت پر تیار ہےلیکن آرڈیننس کے ذریعے حکومت چلانے کی بھر پور مخالفت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آرڈیننس کے اجرا پر حکومت کو ٹف ٹائم دیا جائے گا، حکومت پارلیمنٹ میں لڑائی سے گریز کرے، اس کے پاس صرف 7 ووٹوں کی اکثریت ہے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ حکومت بلوں پر مشاورت کرے پارلیمنٹ میں مکمل تعاون کریں گے، اپوزیشن میثاق معیشت کے لیے حکومت سے تعاون کو تیارہے، ادارے حکومت کی کارکردگی کو آنکھیں کھول کر دیکھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں دو طرح کے قوانین رائج ہیں، جن کے خلاف کیسز کا چالان ہے وہ جیل سے باہر ہیں، جن پر الزامات ہیں ان کو جیل میں ڈالا گیا اور ڈالا جا رہا ہے، امید ہے حکومت خود سے قائمہ کمیٹیاں بنانے والی بے وقوفی نہیں کرے گی۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button