تازہ ترین

ایم بی بی ایس کے سیکنڈ پروفیشنل نتائج کا اعلان

پشاور۔( آوازچترال رپورٹ )خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور نے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے سیکنڈ پروفیشنل سالانہ امتحانات2018 کے نتائج کااعلان کردیا ۔مذکورہ امتحانات میں خیبر پختونخوا کے کے ایم یو کے ساتھ الحاق شدہ تمام میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کے مجموعی طور پر2147طلباء وطالبات نے شرکت کی تھی جس میں1540 طلباء وطالبات نے کامیابی حاصل کی ۔
ایم بی بی ایس کامجموعی نتیجہ75فیصد رہاجبکہ ڈینٹل کالجز کی کامیابی کی مجموعی شرح 57فیصد رہی۔ ایم بی بی ایس کے مذکورہ سیکنڈ پروفیشنل امتحان میں خیبر گرلزمیڈیکل کالج پشاور کی طالبہ شاہ رین شمس نے607 نمبروں کے ساتھ پہلی جبکہ خیبر میڈیکل کالج پشاور کی فریال مسعود اور گل رخ نورین نے 603نمبروں کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسری اور خیبرمیڈیکل کالج پشاورہی کے طالب علم احمد ارتضیٰ نے 602نمبرلیکرتیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔
اسی طرح بی ڈی ایس کے سیکنڈ پروفیشنل امتحان میں باچا خان میڈیکل کالج مردان ڈینٹل سیکشن کی طالبہ ایمن منان نے664نمبر لیکر اول جبکہ رحمان ڈینٹل کالج پشاورکی طالبہ مقنزہ جہانزیب نے 662نمبروں کے ساتھ دوم اور ایوب میڈیکل کالج ایبٹ آبادڈینٹل سیکشن کی سلکا عروج اوررحمان ڈینٹل کالج پشاور کے فیضان بلال ملک نے مشترکہ طور پر 656لیکر سوم پوزیشن حاصل کی ہے۔
خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرارشد جاویدنے کامیاب ہونے والے تمام طلباء وطالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے اس توقع کااظہار کیا ہے کہ وہ مستقبل میں بھی اسی طرح اپنی محنت جاری رکھیں گے اورآنے والے امتحانات میں بھی شاندار کارکردگی کامظاہرہ کریں گے۔انہوں نے یونیورسٹی کے قائم مقام کنٹرولر امتحانات ناصر سلیم عرب اور دیگر متعلقہ سٹاف کی نتائج کی بروقت تیاری اور امتحانی عمل میں شفافیت برقرار رکھنے پر کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے امید ظاہرکی ہے کہ اس تسلسل کو آئیندہ بھی اسی جوش اور جذبے سے جاری رکھا جائے گا۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button