تازہ ترین

عوام نے تبدیلی کے خوشنما نعروں اور دعوؤں سے آنے والی نئی حکومت کو بھی دیکھ لیاجس نے 110 دنوں میں مہنگائی کے علاوہ عوا م کو کچھ نہیں دیا۔ سینیٹر سراج الحق

پشاور ( آوازچترال رپورٹ )امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ نئی صبح کی تلاش میں ماری ماری پھرنے والی قوم کو حکمرانوں نے 71 سال میں بار بار دھوکہ دیا۔ عوام نے تبدیلی کے خوشنما نعروں اور دعوؤں سے آنے والی نئی حکومت کو بھی دیکھ لیاجس نے 110 دنوں میں مہنگائی کے علاوہ عوا م کو کچھ نہیں دیا۔ موجودہ حکومت کے دور میں شرح سود بڑھی ، درآمدات میں اضافہ اور برآمدات میں کمی ہوئی اورمایوسی کے بادل مزید گہرے ہو گئے ۔ جب حکمرانوں کو ان کے وعدے یاد لائے جاتے ہیں تو وہ کہتے ہیں کہ شادی اور الیکشن سے پہلے کیے گئے وعدے پورے کرنے کے لیے نہیں ہوتے ۔ وزیراعظم نے ایک نیا فلسفہ دیاہے کہ اچھا اور بڑا آدمی وہی ہوتاہے جو یوٹرن کا ماہر ہو ۔ یوٹرن کا مطلب یہ ہے کہ وعدہ پورا نہ کرو ، رات گئی بات گئی ،جب حکمران اپنی قوم سے وعدہ پورا نہیں کرتے تو باہر کی دنیا ان پراعتماد کیسے کرے گی ۔ دھوم دھام سے آنے والے معاشی افلاطون وزیر اعظم کو معیشت کی بہتری کے لیے عجیب عجیب مشورے دے رہے ہیں ۔ معیشت کی ترقی کا پہلا قدم علم کی روشنی پھیلانا ہے ۔ وزیراعظم نے سکولوں سے باہر قوم کے اڑھائی کروڑ نونہالوں کی تعلیم کے لیے کچھ کیا ہوتا تو آج قوم ان پر فخر کرتی ۔خوشحالی کیلئے انصاف کو یقینی بنانا ہوگا۔ چیف جسٹس انصاف دے دیں تو یہ ہنر مند قوم ریت کو نچوڑ کر باغ و بہار پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ 51فیصد خواتین کیلئے بین الاقوامی معیار کی یونیورسٹی بنائی جائے ،بنک خواتین کو بلاسود قرضے دیں اور وراثت میں خواتین کے حق کو یقینی بنایا جائے ۔خواتین پر تشدد کرنے والا اپنی بزدلی کا مظاہرہ کرتا ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ایوان اقبال لاہور میں جے آئی یوتھ خواتین کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان قیصر شریف،حلقہ خواتین کی مرکزی راہنماڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی،ناظمہ حلقہ خواتین لاہورزرافشاں فرحین ، آمنہ ثاقب انچارج یوتھ فیسٹول ، ربیعہ طارق ناظمہ حلقہ خواتین پنجاب اور صائمہ عبدالقدوس قائم مقام صدر جے آئی یوتھ خواتین لاہور اور کوارڈ ی نیشن حلقہ خواتین لاہور وسیم اشرف قریشی بھی موجود تھے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکمرانوں کو ڈالر کے اتار چڑھاؤ کی کوئی خبر نہیں ہوتی ۔ آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی ڈکٹیشن پر چل کر آج تک کسی ملک نے ترقی نہیں کی ۔ معاشی ترقی کے لیے خود انحصاری کے باعزت راستے پر چلنا ہوگا ۔ اپنے وسائل اور قوم پر انحصار کر کے ترقی کے بند راستے کھولے جاسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اگر چیف جسٹس صاحب وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنادیں تو تمام مسئلے حل ہوسکتے ہیں ۔ ملک میں وسائل کی کمی نہیں ،اصل مسئلہ وسائل پر چند سو لوگوں کا قبضہ ہے ۔ حکمران اگر اسلام کے نظام معیشت کو اختیار کر لیں تو اللہ کاوعدہ ہے کہ وہ زمین و آسمان سے رزق کے دروازے کھول دے گا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت نے ہر شعبہ زندگی کے لوگوں کو مایوس کیاہے ۔ہزاروں کسان دو روز سے احتجاج کر رہے ہیں لیکن حکومت شوگر ملز مالکان کو گنے کی کرشنگ شروع کرنے پر آمادہ کر سکی ہے اور نہ کسانوں کو ان کے سابقہ بقایاجات دیے جارہے ہیں ۔ کسانوں نے شدید سردی میں سڑکوں پر لیٹ کر رات گزاری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کسانوں کے ساتھ ہے ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر کسانوں کے مطالبات پورے کیے جائیں ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ملک و قوم کے تمام مسائل کا حل نفاذ شریعت میں ہے ۔ خواتین مغرب کی دجالی تہذیب سے مرعوب ہونے کی بجائے اپنے گھروں کو اسلام کے مورچے بنائیں اور اپنے بھائیوں اوربیٹوں کو اسلامی انقلاب کی جدوجہد کے لیے تیار کریں ۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button