تازہ ترین

جامعات کو غیر ضروری سرگرمیوں کی رپورٹ پیش کرنیکا حکم

پشاور(  آوازچترال نیوز)  ۔گورنرخیبرپختونخوا شاہ فرمان نے صوبہ کے تمام اعلیٰ جامعات کو یونیورسٹیوں کے اندر منشیات کے استعمال اورغیرضروری سیاسی سرگرمیوں سے متعلق ماہانہ رپورٹ پیش کرنیکی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے اس حوالے سے محکمہ اعلی تعلیم کو ایک کمیٹی بنانیکی بھی ہدایت کی ہے جو تمام یونیورسٹیوں سے ماہانہ بنیادوں پر ریکارڈ حاصل کرے گی، گورنر خیبرپختونخوا کا کہناتھا کہ یونیورسٹیوں میں طلباء وطالبات کا سماجی رابطہ کی ویب سائٹس کاغلط استعمال ، منشیات اور سیاسی سرگرمیو میں ملوث ہونا ناقابل برداشت ہے، اپنے بچوں کا بہتر مستقبل بناناریاست کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ یہ بات انہوں نے پیرکے روز گورنرہاؤس پشاور میں صوبہ کے تمام اعلی جامعات کے وائس چانسلرز سے ملاقات کے دوران کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر شاہ فرمان کا کہناتھا کہ ہمیں نوجوان نسل کی قوی مفاد میں تعلیم و تربیت یقینی بنانا ہوگی۔
یہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے بچوں کا مستقبل بہتربنائیں اور ہم کسی صورت اس حقیقت سے آنکھیں نہیں چرا سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ یونیورسٹیوں میں تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت پرزیادہ توجہ دینی چاہئیے، اساتذہ کا کردار، رویہ اوراخلاق طلباء کیلئے عملی نمونہ ہوتاہے، طلباء کی کردار سازی اولین ترجیحات میں شامل ہونی چاہئیے کیونکہ تعلیمی معیار کے ساتھ ساتھ اخلاقی معیار بھی بہت ضروری ہے۔ گورنر خیبرپختونخوا نے مزید کہاکہ ہمیں سب سے پہلے اپنی ذمہ داریوں کا تعین کرناہوگا اور اپنی ذمہ داری سے غفلت برتنا مجرمانہ فعل ہے، تعلیم وتربیت دونوں چیزوں کو ہم نے بطور چیلنج لیناہے تب ہی ہم ایک بہترین نوجوان نسل تیارکرسکیں گے۔
انہوں نے اس موقع پر تمام وائس چانسلرز پر واضح کیا کہ یونیورسٹیاں اپنے مالی سال کا بجٹ ترجیحات وضروریات کے بنیاد پر طے کریں اور اپنے بجٹ کاآڈٹ یقینی بنائیں جس پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیاجائیگا۔ تمام اعلی جامعات بغیرکسی سیاسی دباؤ، ذاتی مفاد اور میرٹ کے خلاف کسی صورت تقرریاں نہ کریں، خلاف قانون اور میرٹ کے برعکس بھرتیاں کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ یونیورسٹیز کے تمام مسائل کے حل، مالی و انتظامی امور کیلئے گورنر ہاؤس ہر وقت کھلاہے کیونکہ اگر ہم یونیورسٹیز کو وقت نہیں دے سکتے تو پھر ہمارا یہاں بیٹھنا فضول ہے۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button