تازہ ترین

سی پیک میں رشکئی اکنامک زون چکدرہ سے چترال موٹروے کی توسیع شامل ہے…محمود خان

پشاور( آوازچترال رپورٹ ) وزیراعظم پاکستان عمران خان نے محمود خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے اُن کی ان تھک کوششوں کو سراہا۔انہوں نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ محمود خان آئندہ پانچ سال تک صوبے کے وزیراعلیٰ رہیں گے ۔ محمود خان کو میری، پی ٹی آئی اور ممبران اسمبلی کے پی کی بھر پور حمایت حاصل ہے ۔انہوں نے وزیراعلیٰ کی دن رات محنت ، کاوشوں اور غریب عوام کی فلاح اور اداروں کے استحکام کیلئے کام کرنے کے جذبے کو بھی سراہاہے۔ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے آج خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان سے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کرتے ہوئے کہی ۔ صوبائی وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی بھی اس موقع پر اُن کے ساتھ موجود تھے ۔ اُنہوں نے صوبے میں محمود خان کی عوام دوست، اصلاحاتی ، اداروں کے استحکام ، اچھی اورعوام دوست حکمرانی کو سراہا اور وزیراعلیٰ سے کہا کہ وہ اپوزیشن کے منفی پروپیگنڈے اور بے تکی افواہوں پر کان نہ دہریں ۔اپوزیشن کے مقصد سے عوام بخوبی آگاہ ہیں ۔ آپ انصا ف اور میرٹ کی بالادستی اور اچھی حکمرانی کے کام کو جاری رکھیں اور مخالفین ویسے ہی بیروزگار ہو گئے ہیں اور اب یہ اپنے روزگار کی تلاش میں اکھٹے ہوگئے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ صوبے میں سیاحت کی ترقی پورے صوبے کی ترقی کے ڈھانچے کو کھڑاکرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ پورے صوبے میں جتنے بھی سیاحتی مقامات ہیں اُن کو سیاحوں کیلئے کھولنے اورجہاں انفراسٹرکچر کی کمی ہے وہاں انفراسٹرکچر اور دیگر سہولیات پر کام کریں۔ اُنہوں نے کہا شانگلہ میں سیاحتی مقامات کو سیاحوں کیلئے کھولنے کیلئے اقدامات کریں۔عمران خان نے کہا کہ صوبائی حکومت انفراسٹرکچر ڈالنے اور سیاحوں کو سہولیات فراہمی پر فوکس کرے ۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ محمود خان کی بہتر کارکردگی کی بناء پروہ آئندہ پانچ سال تک صوبے کے وزیراعلیٰ ر ہیں گے ۔ محمود خان کو میری ، پی ٹی آئی اور ممبران صوبائی اسمبلی کے پی کی بھر پور حمایت حاصل ہے۔ وزیراعظم نے صوبے کو مکمل حمایت اور تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔اُنہوں نے یاد دلایا کہ سات نئے اضلاع کے صوبے میں انضمام سے صوبے کا رول بہت بڑھ گیا ہے اور اس کیلئے مکمل تیاری کرنی ہو گی تاکہ ان پسماندہ اضلاع کو تیز تر ریلیف دیا جا سکے اور اُنہیں قومی دہارے میں شامل کیا جا سکے ۔اس سلسلے میں برق رفتاری اہمیت کی حامل ہے ۔وزیراعلیٰ نے عمران خان کی طرف سے صوبائی حکومت پر اعتما د کے اظہار کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ وہ صوبے میں طرز حکمرانی اور عوام کی ترقی اور خوشحالی کے حوالے سے وزیراعظم کی توقعات پر پورا اُتریں گے۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے اس موقع پر وزیراعظم کو صوبے میں حکمرانی کا عوام دوست ماڈل متعارف کرانے ، صوبے کی مالیاتی بنیاد میں وسعت ، صنعتکاری ، ڈویژنل لیول پر میگا پراجیکٹس ، سی پیک اور نان سی پیک پراجیکٹس سمیت صوبے کے مجموعی معاشی اور ترقیاتی حکمت عملی پر بریفینگ دی ۔وزیراعظم کے اعتماد پر پورا اُترنے کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں۔ صوبے میں صنعتکاری اور معاشی احیاء کیلئے مکمل پلان وضع کیا گیا ہے۔صوبے کے ہر ڈویژن کو میگا پراجیکٹ دیناہماری حکومت کی ترجیح ہے۔صوبے کی تیز رفتار ترقی ، عوامی خوشحالی ، نئے اضلاع اور پسماندہ علاقوں میں خدمات کے شعبوں کی بحالی و توسیع کیلئے دیر پا حکمت عملی کے تحت کام کر رہے ہیں۔ انسانیت کی فلاح کیلئے وزیر اعظم پاکستان کے وژن اور مشن کو حقیقی معنوں میں عملی جامہ پہنانے میں کوئی کسر اُٹھا نہیں رکھیں گے۔ اس مجموعی عمل میں مرکز کا اعتماد ، رہنمائی اور صوبے کے وسائل کی فراہمی کے سلسلے میں وزیراعظم پاکستان کی گہری دلچسپی نتیجہ خیز ثابت ہو گی ۔ اُنہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کی خصوصی دلچسپی سے وفاق صوبے کے 65 ارب روپے کے بقایاجات دے گا جو صوبائی حکومت کے مالی وسائل سے نمٹنے کیلئے کارگر ثابت ہوگا۔ محمود خان نے انکشاف کیا کہ پن بجلی کے بقایا جات اور صوبے کے موقف کے تناظر میں اے جی این قاضی فارمولے پر عمل درآمد کیلئے اگلے ہفتے اجلاس ہو گا۔اُنہوں نے کہاکہ سی پیک میں رشکئی اکنامک زون چکدرہ سے چترال موٹروے کی توسیع شامل ہے۔ علاوہ ازیں پشاور سے ڈیرہ اسماعیل خان تک سڑک کو دو رویہ بنایا جائے گا ۔صوبے میں نئے شامل ہونے والے اضلاع کو ترقی کے دہارے میں لانے کیلئے خصوصی توجہ دی جاری ہے صوبائی محکموں کی نئی اضلاع تک توسیع پر کام ہورہا ہے۔محمود خان نے کہاکہ وسائل کے پیداواری شعبہ میں نوجوانوں کو تعلیم و تربیت ، صحت کی اعلیٰ سہولیات اور پسماندہ علاقوں کی ترقی سمیت سوات، ملاکنڈ اور ہزارہ میں ٹوارزم کی ترقی ترجیحات ہیں۔مزید برآں صوبے کے تمام حصوں میں معدنی ترقی اور ٹوارزم کا فروغ پلان کر رہے ہیں۔ محمود خان نے کہاکہ وفاق سے صوبے کو ادائیگی سے ترقیاتی ، اصلاحاتی اور فلاحی پروگرام پر عمل درآمد میں یقیناسرعت آئے گی ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ عوام اور صوبے کے مفادات پر سمجھوتہ نہیں کریں گے اورمعاشرے کے پسے ہو ئے طبقے کو انصاف اور سہولیات دیں گے ۔محمود خان نے کہا کہ صوبائی حکومت عمران خان کے انسانیت کی فلاح پر خرچ کرنے کے وژن پر کامل یقین رکھتی ہے اور اس سلسلے میں نظر آنے والے اقدامات کر رہی ہے ۔ اُنہوں نے کہاکہ اُن کی حکومت بیروزگاری اور عوام میں محرومی کے خاتمے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے اس موقع پر وزیراعظم کو مختلف ایشوز پر تفصیلی بریفینگ دی جس میں صوبے کے وسائل کی فراہمی ، اے جی این قاضی فارمولے کے تحت پن بجلی کے مسئلے کا کل وقتی اور دیرپا حل ، صوبے میں ترقیاتی حکمت عملی ، اداروں کے استحکام ، فاٹا کے نئے اضلاع کیلئے مجوزہ پلان ، انصاف اور میرٹ کی بالادستی اور عوام دوست حکمرانی شامل تھی ۔ جس کو وزیراعظم نے سراہا اور کہا کہ اسی طرح عوام دوست اور صوبے کی فلاح کیلئے شروع کردہ تعمیری کردار ادا کرتے رہیں۔ وفاقی حکومت مکمل سپورٹ فراہم کرے گی ۔جب عوام کو ریلیف ملے گا تو اپوزیشن مکمل طور پر فارغ ہو جائے گی ۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button