تازہ ترین

نوجوان نسل کو نشہ آور ادویات فراہم کرنے والے میڈیکل سٹورز کے خلاف کریک ڈاون کرکے اُنہیں سزا دی جائے ۔ فضل الرحمن

چترال ( نمایندہ آوازچترال ) ویلج نائب ناظم ایون ون فضل الرحمن نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر چترال اور دیگر متعلقہ اداروں سے اپیل کی ہے ۔ کہ نوجوان نسل کو نشہ آور ادویات فراہم کرنے والے میڈیکل سٹورز کے خلاف کریک ڈاون کرکے اُنہیں قرار واقعی سزا دی جائے ۔ تاکہ معاشرے کو تباہی کی طرف لے جانے والے ان انسان دشمن عناصر کا راستہ روکا جا سکے ۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا ۔ کہ اس حوالے سے ایک درخواست دائریکٹر جنرل ہیلتھ اور ڈی ایچ اوچترال کو ارسال کیا گیا ہے ۔ جس میں اُن سے نشہ آور گولیوں کی فروخت سے یوسی ایون اور چترال کے نوجوانوں میں عدم برداشت کے باعث معاشرے میں بگاڑ اور خاندانی نظام میں تناؤ ، جھگڑے اور فساد کے بڑھتے ہوئے رجحانات کو پیش نظر رکھ کر اس کے خلاف اقدام اُٹھانے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل سٹورز میں یہ نشہ آور گولیاں کُھلے عام فروخت ہوتی ہیں اور اس مرض میں سکول وکالج کے بچے تک مبتلا ہو گئے ہیں ۔ فضل الرحمن نے کہا، کہ میڈیکل سٹورز میں ڈاکٹری نسخے کے بغیر ان نشہ آور گولیوں کی فروخت ممنوع ہونی چاہیے ، اور باقاعدہ تصدیق کے بغیرنشہ آور گولی کسی کو بھی نہیں دینی چاہیے ، لیکن یہاں صورت حال بالکل مختلف ہے اور بلا روک ٹوک مذکورہ نشہ آور گولیاں میڈیکل سٹورز سے دستیاب ہیں ۔ اور اس راستے میں کوئی بھی رکاوٹ حائل نہیں ۔ اور یہ نشہ آور گولیاں منشیات خصوصا چرس کے متبادل کے طور پر استعمال کئے جاتے ہیں ۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا ۔ کہ ان چیزوں کا سد باب ڈرگ انسپکٹر کی ذمہ داری ہے ۔ لیکن اُن کی مجرمانہ خاموشی اس بات کی عکاس ہے ۔ کہ اُن کی طرف سے نشہ آور گولیوں کے فروخت کی کُھلی چھُٹی دی گئی ہے ۔ فضل الرحمن نے محکمہ ہیلتھ چترال سے اس سلسلے میں فوری اور سنگین کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا ۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button