تازہ ترین

سینیٹ چیئرمین کے انتخاب کے لیے شیڈول تیار

 اسلام آباد(  آوازچترال آن لائن)ملک میں سینیٹ انتخابات کے بعد چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے عہدوں کے لیے سینیٹ سیکریٹریٹ نے انتخاب کا شیڈول تیار کرلیا جس کے تحت 12مارچ کو اجلا س ہوگا۔نجی چینل ”ڈان نیوز“ کے مطابق چیئرمین کے انتخاب کے لئے سینیٹ کا اجلاس سینیٹر یعقوب ناصر کی زیر صدارت 12 مارچ کو ہوگا۔نو منتخب سینیٹرز 12 مارچ کی صبح حلف لیں گے جس کے بعد سینیٹ کا اجلاس دو گھنٹو ں کے لئے ملتوی کردیا جائے گا۔چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے نامزدگی فارم بھی 12 مارچ کو ہی جمع ہوں گے جبکہ نامزدگی فارم کی جانچ پڑتال کا عمل دوپہر 2 بجے تک مکمل کرلیا جائے گا۔جانچ پڑتال کا عمل مکمل ہونے کے بعد سینیٹ کا اجلاس 4 بجے دوبارہ ہوگا جس میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب کیا جائے گا۔یاد رہے کہ رواں ہفتے وفاق اور وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں (فاٹا) سمیت چاروں صوبوں میں 52 خالی سینیٹ نشستوں پر 133 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا تھا جس کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ امیدواروں نے برتری حاصل کرلی، سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی کو واضح برتری حاصل ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ مولانا سمیع الحق کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button