تازہ ترین

ٹانک کی تاریخ کا سب سے بڑا جشن دامان ثقافتی میلہ اختتام پذیر، چترال سے پولو اور ثقافتی ٹیموں کی شرکت

یرہ اسماعیل خان (  آوازچترال رپورٹ ) ٹانک کی تاریخ کا سب سے بڑا جشن دامان ثقافتی میلہ رنگا رنگ پروگراموں میں اختتام پذیر ہو گیا۔ تین روزہ میلہ میں شہریوں کی بہت بڑی تعداد میں شرکت اور میلہ کے پروگراموں سے لطف اندوز ہوتے رہے۔ آپریشنل کمانڈر ٹانک بریگیڈئیرعامر عباس نے دامان ثقافتی میلہ کو ٹانک کے مثالی امن کے لئے نیک شگون قرار دیا۔ضلع ٹانک جو آج سے کئی سال پہلے براہ راست بد امنی کا شکا ر تھا اور امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال نے ٹانک کے باسیوں کی خوشیاں چھین لیں تھیں ٹانک کے امن کو واپس لانے کے لئے پاک فوج،مقامی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے قربانیاں دیں اور ٹانک کے امن کو مثالی بنانے میں اپنا اہم کردار کیا۔ امن کی بحالی کے بعد ضلعی حکومت کے سربراہ ضلع ناظم مصطفی خان کنڈی کی سرپرستی اور ضلعی انتظامیہ کے سربراہ ڈپٹی کمشنر راجہ فضل خالق کی زیر نگرانی میں شروع ہونے والا تین روزہ میلہ رنگ بکھیرتے ہوئے اتوار کی شام اختتام پذیر ہو گیا۔ میلے کا انعقاد ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر راضی اللہ خان بیٹنی نے ڈسٹرکٹ سپورٹس آفس ٹانک کے تعاون سے کیا ۔ اس میلہ میں پولو، گھوڑا ریس،گھوڑا رقص،چترالی رقص،نیزہ بازی،کشتیاں،کبڈی،باسکٹ بال،کتا ریس،میوزک،تیر بازی،پی ٹی شو پیش کیے گئے جبکہ مشاعرہ اور نعتیں بھی پیش کی گئیں۔ شہریوں کو کئی سال بعد تفریحی مواقع میسر آنے پر خوشی کا تاثر پایا گیا، میلہ میں باہر سے آنے والے چترالی اور دیگر مہمانوں نے بھی مختلف کھیل اور پروگرام پیش کر کے شہریوں کو تفریح فراہم کی ۔میلہ کے پر امن انعقاد کے لئے پولیس کے ضلعی سربراہ شاہ نذر اور پاک آرمی کے حکام سیکورٹی انتظامات کو مانیٹر کرتے رہے ۔میلہ میں پولو کا کھیل، چترال کا روایتی رقص،کتوں کی ریس،گھوڑوں کی ریس،میوزک اور نیزہ بازی خصوصی توجہ کامرکز بنے رہے۔ اس موقع پر کھلاڑیوں نے اپنے فن کا لوہا منوایا اور شہریوں سے داد وصول کی۔ تقریب سے ضلعی ناظم مصطفی خان کنڈی اور ڈپٹی کمشنر راجہ فضل خالق نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جشن دامان میلہ کے انعقاد سے شہریوں کو تفریح ملی اور شہریوں کی کثیر تعداد نے میلہ کے پروگراموں کو دیکھا جو کہ علاقہ کے لئے ایک خوش آئند بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ میں کھیل اور ثقافت کو اجاگر کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اس میلہ پر شہریوں نے خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے میلہ میں شرکت کرنے پر عوام کا اور کامیاب میلہ کے انعقاد پر پاک آرمی کے حکام،ضلعی انتظامیہ کے افسران،بلدیاتی نمائندوں،پولیس،قانون نافذ کرنے والے اداروں اور صحافی برادری کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی بریگیڈئیر عامر عباس،ممبر قومی اسمبلی داور خان کنڈی،ڈپٹی کمشنر راجہ فضل خالق نے کھیلوں اور پروگراموں میں اچھی کارکر دگی کا مظاہرہ دکھانے والے افراد میں نقد انعام اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔
Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button