تازہ ترین

کل کی آبزرویشن ایک سوال ، مفروضے پر مبنی تھی، میڈیا خبروں کو سیاق و سباق سے ہٹ کر چلاتا ہے: چیف جسٹس

اسلام آباد (  آن لائن) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کا کہنا ہے کہ کل کی آبزرویشن ایک سوال ، مفروضے پر مبنی تھی۔
ڈی جی خان بلدیاتی الیکشن سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ میڈیا خبروں کو سیاق و سباق سے ہٹ کر چلاتا ہے ، غلط خبروں پر پھر دوسری جانب سے بھی جواب آتا ہے ۔ تمام سیاسی لیڈر ہمارے لیے قابل احترام ہیں کل کی آبزرویشن ایک سوال ، مفروضے پر مبنی تھی۔
واضح رہے کہ جمعرات کو الیکشن ایکٹ 2017 کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا تھا ’ اللہ نہ کرے کہ کوئی چور اچکا کسی سیاسی جماعت کا سربراہ بن جائے، میں نہیں مان سکتا کہ کوئی ڈکیت پارٹی صدر بن کر حکومت کرے، کیا توہین عدالت کا مرتکب شخص سیاسی جماعت کا سربراہ بن سکتا ہے؟ کیا جیل سے سیاسی جماعت چلائی جا سکتی ہے؟ پارلیمنٹ آئین کے بنیادی ڈھانچے کے خلاف قانون نہیں بنا سکتی‘۔
چیف جسٹس کے ان ریمارکس کے جواب میں میاں نواز شریف نے انتہائی سخت رد عمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’جج صاحبان جو زبان استعمال کر رہے ہیں وہ انہیں زیب نہیں دیتی،چیف جسٹس اور عمران خان کی زبان میں کیا فرق رہ گیا ہے، کیا پی سی او ججز ہمیں اخلاقیات سکھائیں گے‘۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button