51

عمران نیازی نے جھوٹ بولنے اور الزام تراشی کے عالمی ریکارڈ قائم کئے ،باشعور عوام اس دروغ گوئی سے تنگ آ چکے:شہبازشریف

اہور (  آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا تاریخ ساز کارنامہ ہے،صوبے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں ہو سکتی،عمران نیازی نے جھوٹ بولنے اور الزام تراشی کے عالمی ریکارڈ قائم کئے ہیں،مسلم لیگ(ن) کی عوامی خدمت کی سیاست کے سامنے جھوٹ بولنے والوں کی کوئی حیثیت نہیں ،باشعور عوام اس لیڈر کی دروغ گوئی اور بہتان طرازی سے تنگ آ چکے ہیں حتیٰ کہ خیبرپختونخوا کے عوام بھی جھوٹ، یوٹرن اور بے بنیاد الزامات کی منفی سیاست سے بیزارہو چکے ہیں،مسلم لیگ (ن) عوام کی حمایت سے آئندہ انتخابات میں اکثریت سے کامیاب ہو کر ترقی کے سفر کو مزید آگے بڑھائے گی۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ  ترقی کے تیز رفتار سفر میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دی جائے گی،تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر سمیت دیگر شعبوں کی ترقی اپنی مثال آپ ہے اورہم نے ترقیاتی منصوبوں کی ریکارڈ مدت میں تکمیل کے ریکارڈ قائم کئے ہیں جبکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ اور استعمال میں پنجاب سرفہرست ہے اور منصوبوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کو فروغ دے کر عوام کو بہترین سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت نے ملک میں ایک عرصے سے چھائے ہوئے اندھیروں کو ختم کیاہے اور جتنی محنت کیساتھ توانائی منصوبوں کو مکمل کیا گیا ہے ،اس کی مثال پاکستان کی70سالہ تاریخ میں موجود نہیں۔انہوں نے کہاکہ بعض سیاسی عناصر کی رکاوٹوں کے باوجود بجلی کے منصوبوں کو ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے اور آج ملک میں لوڈ شیڈنگ قصہ پارینہ بن چکی ہے،ہم نے جھوٹ اور بے بنیاد الزامات کی سیاست کی بجائے عوام کی خدمت کو مقدم رکھا ہے اور ہمارے تمام اقدامات عوام کی ترقی و خوشحالی کے مظہر ہیں،دھرنا پارٹی نے صرف اور صرف جھوٹ اوربے بنیاد الزامات کی سیاست کی ہے اور عوام کے مسائل کے حل اوراپنے صوبے کی ترقی کی بجائے الزام تراشی کو وطیرہ بنائے رکھا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے توانائی بحران کے خاتمے کیلئے کوئی اقدام نہیں اٹھایااوران حکمرانوں کی لوٹ مار اورکرپشن کی وجہ سے ہی ملک اندھیروں میں ڈوبتا چلا گیا، کرپٹ اور شکست خوردہ عناصر نے توانائی سمیت مفاد عامہ کے ہر منصوبے میں تاخیر کی کوشش کی اور آج یہ عناصراپنے کئے پر شرمندہ ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عمران نیازی نے دھرنوں اور لاک ڈاؤن کی منفی سیاست سے ملک و قوم کا قیمتی وقت ضائع کیا ہے،اپنے صوبے میں بدترین کارکردگی دکھانے والے یہ عناصر کس منہ سے عوام کا سامنا کریںگے؟ترقی کی مخالفت کرنے والوں سے حساب عوام الیکشن میں لیں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام خدمت کرنے والوں کو کبھی بھلاتے نہیں،2018ء کے انتخابات میں عوام خدمت کرنے والوں اورترقی کا سفر روکنے والوں کا فیصلہ اپنے ووٹ کی طاقت سے کریں گے،جھوٹ ،انتشار اورمنافقت کی سیاست کرنے والوں کے دن گنے جاچکے ہیں، احتجاج اوردھرنوں کی قیمت اس غریب قوم کو چکانا پڑی ہے ،دھرنے ،احتجاج اورانتشار کی سیاست کے علمبرداروں کو 2018ء میں اپنی منفی سیاست کا جواب مل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں دھرنا گروپ کو پشیمانی کے علاوہ کچھ نہیں ملے گا اور مسلم لیگ (ن) عوام کی حمایت سے آئندہ انتخابات میں اکثریت سے کامیاب ہو کر ترقی کے سفر کو مزید آگے بڑھائے گی۔

Facebook Comments