تازہ ترین

اداروں پر اتنی تنقید بھی نہ کی جائے کہ وہ کام ہی نہ کرپائیں:پرویز خٹک

پشاور(  آن لائن)وزیر اعلی خیبر پختون خوا پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ ہماری پولیس مثالی ہے جو ہر طرح کی سیاسی وابستگی سے آزاد ہے ،سپریم کورٹ کے اس حوالے سے ریمارکس سخت تو ہیں لیکن اصلاح کے لئے ضروری بھی ہیں،تاہم اداروں پر تنقید اتنی بھی نہ کی جائے کہ وہ کام ہی نہ کرپائیں،
نجی چینل ”اے آروائی نیوز“کے پروگرام ”اعتراض ہے“میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک کا کہنا تھا  کہ بلین ٹری منصوبہ خواب نہیں حقیقت ہے مخالفین کے  تمام اعتراضات مسترد کرتے ہیں ،نواز شریف کو چیلنج ہے کہ وہ صوبے میں تشریف لائیں انہیں درخت دکھائے جائیں گے ،ہماری حکومت نے نہ صرف نئے درخت لگائے بلکہ ان کی کٹائی پر بھی پابندی لگائی ہے۔انہوں نے کہا کہ میٹرو بس منصوبہ بھی پنجاب سے بہترین ہوگا جس میں ہم الگ سے پارکنگ پلازہ دینے جارہے ہیں ،اس منصوبے کے مہنگے ہونے کے خلاف بھی پراپیگنڈا بھی بے بنیاد ہے ،پنجاب حکومت نے اپنے منصوبے میں صرف اس کے انفرا سٹرکچر کی بات کی لیکن ہم نے جو تخمینہ لگایااس میں بسوں کی قیمتیں بھی شامل ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے صوبے میں سوسال سے لیب کے بارے نہیں سوچا گیا اس بات کا کریڈٹ بھی ہماری حکومت کو جاتا ہے جہنوں نے لیب کو آپریشنل کیا اب ہمیں کسی اور صوبے سے اس سلسلے میں معاونت کی ضرورت پیش نہیں آئے گی ۔پرویز خٹک کہتے ہیں کہ مشال قتل کیس کاتاریخی فیصلہ آیا، تاہم ان کے گھروالے مطالبہ کررہے ہیں کہ سب کو سزاہونی چاہیے یہ ان کا حق ہے وہ ہر عدالت میں جاسکتے ہیں ،لیکن ہم ان لوگوں کو بھی دیکھ رہے ہیں جو رہاہونے  والے ملازمین کا استقبال کررہے ہیں  ۔احتساب کمیشن کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اس ادارے کو عدالت کے دائرہ کار میں دے دیا ہے ،یہ کہنا ہے کہ صوبے میں احتساب کا کوئی قانون نہیں یہ سراسر غلط ہے ۔انہوں نے کہا کہ عاصمہ کی بہن پر کسی نے دباﺅ ڈالاہے تو اس کے خلاف ایف آئی آر درج کروائیں، کارروائی ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کبھی بھی ذاتی حیثیت میں ہیلی کاپٹر استعمال نہیں کیا جب بھی انہوں نے اس میں سفر کیا وہ سرکاری تھا۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button