بھارت ہمارا عزم آزمانا چاہتا ہے تو آزما لے لیکن اس کا نتیجہ وہ خود دیکھے گا:میجر جنرل آصٖف غفور
راولپنڈی ( آن لائن )بھارتی آرمی چیف کی جانب سے پاکستان کی جوہری طاقت کے مخالف بیان پر پاک فوج نے انتہائی دبنگ اور واضح پیغام پہنچادیا ہے ، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہاہے کہ بھارت کو جو چیز روک رہی ہے وہ ہماری قابل بھروسہ جوہری صلاحیت ہی ہے تاہم وہ ہمارا عزم آزمانا چاہتا ہے تو آزما لے لیکن اس کا نتیجہ وہ خود دیکھے گا۔میجر جنرل آصف غفور کا کہناتھا کہ دونوں جوہری ریاستوں کے درمیان جنگ کی کوئی گنجائش نہیں ہے،ہم پاکستان کے خلاف کسی بھی بھارتی مس ایڈونچر کا جواب دیں گے، چیف آف آرمی اسٹاف ایک انتہائی اہم تقرری ہوتی ہے اور فور اسٹار وہ رینک ہے جس میں تمام عمر کا تجربہ اور پختگی شامل ہوتی ہے، لہٰذا اس قسم کا غیر ذمہ دارانہ بیان اتنے اہم اور ذمہ دار عہدے والے افسر کو زیب نہیں دیتا۔ان کا کہناتھا کہ بھارت کسی خوش فہمی میں نہ رہے، ایٹمی صلاحیت خاص طور پر بھارت سے نمٹنے کیلئے ہے،پاکستان کی جوہری صلاحیت مشرق کی طرف سے آنیوالے خطرات کیلئے ہے ۔بھارت روایتی جنگ کے ذر یعے ہم پربھاری ہوسکتاتو اب تک ہوجاتا، جوہری ہتھیارکوچوائس نہیں،کم سے کم دفاعی صلاحیت کاہتھیارسمجھتے ہیں، بھارت کو جو چیز روک رہی ہے وہ ہماری قابل بھروسا کم سے کم دفاعی صلاحیت ہے ، ایٹمی صلاحیت خاص طور پر بھارت سے نمٹنے کیلئے ہے۔