تازہ ترین

سردار گڑھی جی ٹی روڈ پر 400 کنال اراضی پر جدید نئے جنرل بس سٹینڈ جبکہ پشاور میں موجودہ جنرل بس اسٹینڈکے 157 کنال اراضی پر جدید کمرشل کمپلیکس (سی پیک ٹاور) تعمیر کئے جائینگے۔ عنایت اللہ خان

پشاور ( نمائندہ آواز چترال ) سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی خیبرپختونخوا و پارلیمانی لیڈر جماعت اسلامی عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ نیو جنرل بس اسٹینڈ پشاور کے لیے نہایت اہمیت کا حامل منصوبہ ہے ۔ صوبائی حکومت عوامی خدمت پر عمل پیرا ہے اور اسی جذبے کے تحت ضلع پشاور میں متعدد ترقیاتی منصوبے شروع کر چکی ہے۔سردار گڑھی جی ٹی روڈ پر 400 کنال اراضی پر جدید نئے جنرل بس سٹینڈ جبکہ پشاور میں موجودہ جنرل بس اسٹینڈکے 157 کنال اراضی پر جدید کمرشل کمپلیکس (سی پیک ٹاور) تعمیر کئے جائینگے۔ وہ اپنے دفتر پشاور میں مذکورہ دونوں میگا پرا جیکٹس کے حوالے منعقدہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ اجلاس میں سیکرٹری بلدیات سید جمال الدین شاہ ، ضلع ناظم پشاور محمد عاصم خان، کرنل محمد شاہداور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی اجلاس میں نئے جنرل بس سٹینڈ اور کمرشل (سی پیک ٹاور) کے قیام کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا اور اس سلسلے میں کئی اہم تجاویز پیش کی گئیں۔ اجلاس میں نئے جنرل بس سٹینڈ اور سی پیک ٹاور کے منصوبوں کی تعمیر کیلئے جامع حکمت عملی وضع کرنے اور اس ضمن میں بینک آف خیبر اور این ایل سی سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی۔ سینئر وزیر عنایت اللہ آئندہ ہفتے تک تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پشاور کے عوام کی ترقی و خوشحالی حکومت کی اولین ترجیخ ہے اور ان ترقیاتی سکیموں کی تکمیل سے نہ صرف بہتر سفری سہولیات میسر آ سکیں گی بلکہ یہاں کے لوگوں کو معاشی طور پر بھی مذکورہ منصوبوں سے بھر پور استفادہ حاصل ہو گا ۔ سینئر وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ اس ضمن میں تمام وسائل بروئے کار لائیں اور اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں تا کہ عوام کیلئے دورس فوائدکے یہ دلکش اور اہم منصوبے بروقت پایہ تکمیل تک پہنچ سکیں۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button