ہائی کورٹ نے وزیراعظم ،وزیراعلیٰ پنجاب سمیت 7وزراءکی نااہلی کی درخواست مسترد کردی
لاہور(نامہ نگارخصوصی ) لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی،وزیر اعلیٰ پنجاب، وزیر قانون رانا ثناءاللہ سمیت سات وفاقی وزراءکی نااہلی کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا اورریمارکس دیئے کہ درخواست میں بے بنیاد الزامات عائد کئے گئے ہیں ۔مسٹر جسٹس شاہد کریم نے میجرریٹائرڈ فیصل نصیر کی آئینی درخواست پر محفوظ فیصلہ جاری کیا ہے ، درخواست گزار نے موقف اختیار کیا تھا کہ وزیر اعظم ، وفاقی اور صوبائی وزراءنے ذاتی فائدے نہ اٹھانے اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کا حلف اٹھا رکھا ہے لیکن وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف، وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ اور سات وفاقی وزراءاپنے حلف کی خلاف ورزی کر رہے ہیں اور حکومت کا حصہ ہوتے ہوئے ذاتی مفادات حاصل کر رہے، عدالت نے درخواست پر محفوظ فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا کہ درخواست گزار میجرریٹائرڈ فیصل نصیر نے بے بنیاد الزامات کے تحت درخواست دائر کی ہے اور اپنی درخواست میں وزیر اعظم سمیت دیگر کے خلاف کوئی ثبوت بھی پیش نہیں کئے ، عدالت نے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی