تازہ ترین

اہم تجویز منظور،حکومت نے آئندہ دھرنوں جیسے مسائل سے بچنے کیلئے بڑا فیصلہ کرلیا

اسلام آباد(آئی این پی)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے آئندہ دھرنوں جیسے مسائل سے بچنے اور مذہبی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کیلئے مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں کا جلد اجلاس بلانے کا فیصلہ کر لیا اور کہا کہ اس پر کام ہورہا ہے ، اس سلسلے میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف اور وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کو ٹاسک سونپ دیا گیا ۔ منگل کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔اس دوران وزیر مملکت مذہبی امور پیر امین الحسنات نے تلاوت کلام پاک کی ۔انہوں نے جب تلاوت ختم کی تواس دوران تحریک لبیک کے دھرنے کا تذکرہ کیا۔ اس پر وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے بھی اظہار خیال کیا۔ وزیر مملکت پیر امین الحسنات نے بتایا کہ ہم نے اس دوران مختلف شخصیات اور جماعتوں سے رابطے کئے اور مسئلے کے حل کیلئے کوششیں کیں ۔ سعد رفیق نے بھی اپنی کوششوں بارے آگاہ کیا۔ اس تذکرے کے دوران اجلاس میں موجود ایک وزیر مملکت کے چہرے پر پریشانی کے آثار نمایاں ہوگئے اور اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ایجنڈے سے ہٹ کر کیوں بات کی جا رہی ہے اس پر شرکاء نے کابینہ اجلاس کے ایجنڈے پر دوبارہ بات شروع کی تو ان کے چہرے پر طمانیت اور خوشی آگئی ۔ اجلاس میں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور دیگر نے تجویز دی کہ دھرنوں کے مسائل سے نمٹںے اور ختم نبوتؐ کے معاملے پر مذہبی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کی ضرورت ہے ۔دھرنے جیسے واقعات سے دوبارہ بچنے کیلئے اجلاس بلایا جائے جس پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے شرکاء کو یقین دلایا کہ عنقریب اس سلسلے میں اجلاس بلارہے ہیں اور اس پر کام ہورہا ہے ۔اجلاس کی تیاریوں اور مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں کو بلانے کیلئے خواجہ سعد رفیق اور سردار محمد یوسف کو ٹاسک سونپ دیا گیا ۔
Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button